تازہ تر ین

صبا حمید کا فنکارانہ انتخاب سامنے آگیا

پاکستان کی سینئر اور باوقار اداکارہ صبا حمید نے موجودہ ڈرامہ انڈسٹری پر تنقیدی رائے دیتے ہوئے حالیہ ڈراموں کو غیر فطری اور مصنوعی قرار دیا ہے، جبکہ ماضی کے ڈراموں کو زیادہ جاندار، حقیقت سے قریب اور فنکارانہ اعتبار سے بہتر تسلیم کیا ہے۔

حالیہ دنوں صبا حمید نے پاکستان ٹیلی وژن کے معروف پروگرام اسٹار اینڈ اسٹائل میں شرکت کی، جہاں انہوں نے انڈسٹری سے متعلق کئی پہلوؤں پر گفتگو کی۔

گفتگو کے دوران صبا حمید نے 80 کی دہائی کے ڈراموں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اُس دور میں اداکاری کا ایک الگ ہی لطف تھا، اس دور کے مکالمے نہ صرف فطری ہوتے تھے بلکہ ان میں ادبی گہرائی بھی موجود ہوتی تھی، جو کردار کو نکھار دیتی تھی۔

انہوں نے امجد اسلام امجد، نورالہدیٰ شاہ، اشفاق احمد اور بانو قدسیہ جیسے بڑے ادیبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے تحریر کردہ مکالمے ادا کرنے میں بے حد لطف آتا تھا۔

صبا حمید کے مطابق، ماضی میں ہر فنکار اپنی اسٹائلنگ خود کرتا تھا، کردار کو سمجھ کر اس کے مطابق گیٹ اپ تیار کیا جاتا تھا، جبکہ آج کل ایک مکمل ٹیم یہ سب کچھ سنبھالتی ہے، لباس سے لے کر میک اپ تک سب کچھ پہلے سے طے شدہ ہوتا ہے، اسی بنا پر آج کے ڈرامے ایک حد تک بناوٹی اور غیر فطری محسوس ہوتے ہیں۔

ایک سوال کے جواب میں صبا حمید نے انکشاف کیا کہ انہیں اداکاری کے مقابلے میں ہدایت کاری زیادہ پسند ہے۔

ان کے مطابق، ہدایت کار کا کردار زیادہ ہمہ گیر ہوتا ہے، کیونکہ وہ سیٹ، کردار، ٹیم اور پوری تخلیقی سمت کا ذمہ دار ہوتا ہے، جبکہ اداکار صرف اپنے کردار پر توجہ مرکوز کرتا ہے۔

صبا حمید نے شہناز شیخ کو اپنی پسندیدہ اداکارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہیں کسی کی اداکاری اپنانے کا موقع ملے تو وہ شہناز شیخ ہوں گی، کیونکہ ان کی مزاحیہ اداکاری میں ٹائمنگ لاجواب ہے۔

انہوں نے مسکراتے ہوئے کہا کہ ‘میں شہناز شیخ کی بڑی مداح ہوں، بلکہ اُن سے تھوڑی سی جلن بھی رکھتی ہوں۔‘

نعمان اعجاز کی تعریف کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وہ اس انڈسٹری کا کندن ہیں، جنہیں وقت کی بھٹی نے نکھارا ہے۔

یاد رہے کہ صبا حمید پاکستان کی شوبز انڈسٹری کی اُن شخصیات میں شامل ہیں، جنہوں نے تین دہائیوں سے زائد عرصے پر محیط کیریئر میں کئی یادگار کردار نبھائے۔

ان کے معروف ڈراموں میں فیملی فرنٹ، پیارے افضل، تھکن، دل لگی، گھسی پٹی محبت اور لال عشق شامل ہیں۔

حال ہی میں ان کے ڈرامے سن میرے دل، نورجہاں اور اے دل ناظرین میں مقبول ہوئے، جبکہ ان کی ہدایت کاری میں بننے والا ڈرامہ جیسی آپ کی مرضی کو بھی زبردست پذیرائی حاصل ہوئی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain