بالی وڈ اداکارہ کرینہ کپور نے ایک انٹرویو میں انکشاف کیا تھا کہ اپنے تعلق کے آغاز میں انہیں شاہد کپور کو حاصل کرنے کے لیے خاصی کوشش کرنا پڑی تھی۔
’کافی وِد کرن‘ سیزن 2 کے ایک پرانے ایپی سوڈ میں کرینہ نے اعتراف کیا کہ شاہد کی توجہ حاصل کرنے کے لیے انہوں نے کافی محنت کی تھی۔
کرن جوہر نے ان سے پوچھا کہ کیا آپ کو یاد ہے یہ سب کیسے شروع ہوا؟ کچھ خاص بات؟ اس پر کرینہ نے مسکراتے ہوئے جواب دیا کہ اس نے تو دو مہینے تک توجہ ہی نہیں دی، مجھے ایس ایم ایس بھیجنے پڑے، کالز کرنی پڑیں، ملاقات کے لیے کہنا پڑا۔
کرینہ نے بتایا کہ شاہد تھوڑا شرمیلا تھا اور آخرکار ہم ملے اور سب کچھ شروع ہوا لیکن پہلا قدم میں نے اٹھایا اور میں نے ہی تعلق کو آگے بڑھایا۔
کرینہ اور شاہد کا افیئر:
کرینہ کپور اور شاہد کپور کا افیئر 2000 کی دہائی کے اوائل میں بالی وڈ کے سب سے زیادہ چرچا میں رہنے والے افیئرز میں سے ایک تھا۔
ان دونوں کی جوڑی نہ صرف حقیقی زندگی میں مقبول تھی بلکہ اسکرین پر بھی مداحوں کی پسندیدہ بن گئی تھی۔
یہ تعلق اُس وقت پروان چڑھا جب کرینہ فلم 2004 کی فلم ’ فد‘ا کر رہی تھیں، اس دوران دونوں میں نزدیکی بڑھی اور جلد ہی وہ بالی وڈ کے یوتھ آئیکون جوڑے کے طور پر مشہور ہو گئے۔
ان دونوں نے ساتھ میں کئی فلمیں کیں، جن میں’ فدا‘ ،’36 چائنا ٹاؤن‘، ’چھپ چھپ کے‘ اور ’جب وی میٹ‘ شامل ہیں، ’جب وی میٹ‘ کو خاص طور پر ان کی اصل زندگی کی کیمسٹری کے سبب بہت پسند کیا گیا۔
رشتہ کیسے ختم ہوا؟
جب ’جب وی میٹ‘ ریلیز ہوئی، اس وقت تک دونوں الگ ہو چکے تھے،ان کے بریک اپ کی خبریں فلم کی ریلیز کے وقت ہی عام ہوئیں۔
اگرچہ ان دونوں نے کبھی واضح طور پر وجوہات نہیں بتائیں لیکن قیاس کیا جاتا ہے کہ کرینہ کی فلم’ ٹشن‘ کے دوران سیف علی خان کے قریب آنا اس کی ایک بڑی وجہ ہو سکتا ہے۔
اس کے بعد کرینہ اور سیف کا رشتہ سامنے آیا، جو شادی کی صورت میں منطقی انجام کو پہنچا، وہ 2012 میں رشتۂ ازدواج میں بندھ گئے، شاہد کپور نے بھی 2015 میں میرا راجپوت سے شادی کرلی۔