کانز فلم فیسٹیول 2025 کے دوران وکی لیکس کے بانی جولین اسانج نے فلسطینی بچوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کے لیے ایک منفرد اور پراثر انداز اپنایا۔
انہوں نے اس موقع پر ایک ایسی ٹی شرٹ زیب تن کی جس پر اسرائیلی جارحیت کے نتیجے میں شہید ہونے والے 5 ہزار فلسطینی بچوں کے نام درج تھے۔
اس کے علاوہ، ان کی شرٹ پر ‘اسٹاپ اسرائیل‘ کا نعرہ بھی نمایاں تھا، جو اسرائیلی افواج کے مظالم کے خلاف ایک جرات مندانہ احتجاج تھا۔
فیسٹیول کے اسی موقع پر مشہور امریکی اداکارہ انجلینا جولی نے بھی فلسطینی صحافی فاطمہ حسونہ کو بھرپور خراجِ عقیدت پیش کیا۔
اپنے خطاب میں انہوں نے 23 سالہ فاطمہ حسونہ کا خصوصی ذکر کیا، جو 15 اپریل 2025 کو اسرائیلی فضائی حملے میں اپنے خاندان کے 9 افراد سمیت شہید ہو گئی تھیں۔
فاطمہ حسونہ نے اپنی مختصر مگر پُرعزم صحافتی زندگی میں فلسطینی عوام کے حالات کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوشش کی۔
ان کی بنائی گئی دستاویزی فلم کو کانز فیسٹیول میں پیش کیے جانے کے لیے منتخب کیا گیا تھا، جو ان کے کام کا اعتراف اور فلسطینی عوام کی آواز کو دنیا تک پہنچانے کا ایک اہم ذریعہ ثابت ہوا۔
فیسٹیول کے دوران ان کی یاد میں خراجِ عقیدت پیش کیا جانا عالمی برادری کی جانب سے فلسطینی کاز کے ساتھ ہمدردی اور یکجہتی کا مظہر تھا، جبکہ جولین اسانج کا احتجاج نہ صرف اسرائیلی مظالم کے خلاف ایک واضح پیغام تھا بلکہ فلسطینی بچوں کے لیے عالمی سطح پر حمایت کی علامت بھی بن گیا۔