تازہ تر ین

شہزاد رائے کا نیا انداز، آنٹیوں کے نام

معروف پاکستانی گلوکار شہزاد رائے نے حال ہی میں اپنے مداحوں کو ایک خوشگوار حیرت سے دوچار کیا جب انہوں نے انسٹاگرام پر اپنے مشہور کلاسک گانے ’تیرا مکھڑا حسیں جادو کر گیا‘ کو ایک نئے انداز میں پیش کیا۔

 اس بار انہوں نے گانے کے بول میں ’لڑکیوں‘ کے بجائے ’آنٹیوں‘ کا ذکر کرکے اسے طنزیہ اور مزاحیہ انداز میں تمام خواتین کے نام کر دیا ہے۔

شہزاد رائے کی جانب سے شیئر کی گئی یہ ویڈیو فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر  تیزی سے وائرل ہو گئی ہے جس کے کمنٹ سیکشن میں صارفین کی جانب سے  دلچسپ تبصرے کیے جا رہے ہیں۔

شہزاد رائے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر شیئر کی گئی ویڈیو میں 2002 کا اپنا ہٹ گانا ’تیرا مکھڑا حسیں جادو کر گیا‘ گاتے ہوئے سنائی دے رہے ہیں۔

 تاہم اس بار انہوں نے بول بدلتے ہوئے گنگنایا ‘میں نے دیکھی ہیں آنٹیاں بڑی حسیں لیکن تیرے جیسا کوئی نہیں’۔

گلوکار کی جانب سے کی جانے والی  یہ تبدیلی فوراً ہی صارفین کی توجہ کا مرکز بن گئی اور اس پر ہزاروں لائکس اور کمنٹس آ چکے ہیں۔

شہزاد رائے کی جانب سے گانے کی ویڈیو انسٹاگرام پر شیئر کیے جانے کے بعد صارفین نے بڑے پیمانے پر ویڈیو پر تبصرے کیے ہیں جن میں خواتین مداح سر فہرست ہیں۔

 ویڈیو کے کمنٹ سیکشن میں خواتین صارفین نے اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے اس بات سے اتفاق کیا کہ ‘جب یہ گانا پہلی بار ریلیز ہوا تھا تب وہ ’لڑکیاں‘ تھیں اور اب ’آنٹیاں‘ بن چکی ہیں‘۔

ایک خاتون صارف نے لکھا کہ ‘لڑکیوں سے آنٹیوں تک کا سفر پہلی بار اچھا محسوس کروا رہا ہے‘

ایک صارف نے کمنٹ سیکشن کا رخ کرتے ہوئے اپنے تبصرے میں لکھا کہ ‘انہیں یہ گانا سن کر اپنا بچپن یاد آ گیا اور یہ واقعی ایک کلاسک گیت ہے‘۔

اسی کے ساتھ بیشتر صارفین نے ویڈیو پر تبصرہ کرتے ہوئے اور شہزاد رائے کے مزاحیہ انداز کو سراہتے ہوئے انہیں انسٹاگرام پر ایکٹیو رہنے کا مشورہ بھی دیا۔

واضح رہے کہ شہزاد رائے نے اپنا یہ ہٹ گانا ’تیرا مکھڑا حسیں‘ پہلی بار سال 2002 میں ریلیز کیا تھا۔

یہ گانا اپنے وقت کا سب سے مشہور اور مقبول ترین گیت مانا جاتا تھا اور آج بھی اسے بے حد پسند کیا جاتا ہے۔

بعد ازاں شہزاد رائے کئی کنسرٹس میں بھی اسی گانے کو گاتے دکھائی دیے اور 2021 میں انہوں نے اسی گانے کی ایک بار پھر ویڈیو بھی ریلیز کی تھی جس نے مداحوں کی پرانی یادیں تازہ کر دی تھیں۔

تاہم حال ہی میں شہزاد رائے کے اس نئے اور مزاحیہ انداز سے گانے کی مقبولیت میں مزید اضافہ ہو گیا ہے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain