بھارت کے مقبول ریئلٹی شو ‘بگ باس 19’کے آن ایئر ہونے کے حوالے سے چہ مگوئیاں شروع ہو چکی ہیں اور اس بار مبینہ طور پر میکرز شو کے فارمیٹ میں ایک بڑی تبدیلی کا منصوبہ بنا رہے ہیں۔
بھارتی میڈیا پر جاری اطلاعات کے مطابق بگ باس کے آنے والے سیزن میں خصوصی طور پر ٹیلی ویژن اور بالی وڈ انڈسٹری کی مشہور شخصیات شامل ہوں گی جس میں سوشل میڈیا انفلوئنسرز یا یوٹیوبرز کی شرکت نہیں ہوگی۔
ٹیلی رپورٹر کے مطابق پچھلے سیزنز کے برعکس اس بار میکرز نے ریئلٹی شو کے لیے یوٹیوبرز اور سوشل میڈیا انفلوئنسرز سے رابطہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
پچھلے سیزنز میں ڈیجیٹل کانٹینٹ کریئیٹرز نے بگ باس ہاؤس کے اندر اپنے لیے ایک مضبوط مقام بنایا تھا ۔
جن میں ایلوش یادو، ابھیشیک ملہان، رجت دلال، اور منیشا رانی جیسے انفلوئنسرز نے نہ صرف اپنی شخصیت اور گیم پلے سے اپنی پہچان بنائی بلکہ شو کے بعد ان کی مقبولیت میں بھی زبردست اضافہ ہوا۔
تاہم اس بار انفلوئنسرز اور یوٹیوبرز کے بجائے انٹرٹینمنٹ کی دنیا کی زیادہ معروف شخصیات کو شو میں شامل کرنے کا میکرز کا یہ فیصلہ مبینہ طور پر شو کو زیادہ روایتی اور سیلیبریٹیز پر مبنی اپیل دینے کے لیے ہے۔
بھارتی میڈیا ذرائع کا دعویٰ ہے کہ میکرز نے پہلے ہی ٹی وی اور فلم انڈسٹری کے معروف اداکاروں اور شخصیات سے اس سیزن میں ہاؤس میں شامل ہونے کے لیے رابطہ کرنا شروع کر دیا ہے۔
لانگسٹ سیزن اور ‘بگ باس او ٹی ٹی’ کی منسوخی
بھارتی میڈیا کے مطابق اگر سب کچھ منصوبے کے مطابق رہا تو ‘بگ باس 19’ کا پریمیئر 19 جولائی 2025 کو ہونے کی توقع ہے۔
یہ سیزن بگ باس کی تاریخ کا سب سے طویل سیزن ہونے کی بھی توقع کی جارہی ہے جو تقریباً چھ ماہ تک چلے گا اور جنوری 2026 میں اختتام پذیر ہوگا۔
گزشتہ چند دنوں سے یہ بھی اطلاعات ہیں کہ ‘بگ باس او ٹی ٹی’ اس سال منسوخ کر دیا گیا ہے تاکہ مرکزی ٹیلی ویژن ایڈیشن پر مکمل توجہ دی جا سکے۔
شو کی میزبانی حسب معمول بالی وڈ کے سلطان سلمان خان کریں گے مزید برآں چینل یا پروڈکشن ہاؤس کی جانب سے فارمیٹ یا پریمیئر کی تاریخ کے حوالے سے ابھی تک کوئی سرکاری تصدیق نہیں کی گئی ہے۔
تاہم مداح پہلے ہی قیاس آرائیاں کر رہے ہیں کہ کون کون سے ستارے اس بار ہاؤس میں داخل ہو سکتے ہیں۔