فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے اپنی اہلیہ سے سرعام تھپڑ پڑنے پر وضاحت دے دی۔
ایمانوئل میکرون نے اپنی اہلیہ بریجیٹ میکرون کے ساتھ کسی گھریلو جھگڑے کی خبروں کو سختی سے مسترد کرتے ہوئے کہا کہ وائرل ویڈیو کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔
سوشل میڈیا پر گزشتہ روز وائرل ہونے والی اس ویڈیو میں بظاہر یہ دیکھا گیا کہ ویتنام کے دورے کیلئے صدر میکرون کا طیارہ جب رن وے پر اترا تو طیارے کے دروازے پر فرانسیسی صدر اہلیہ سے کسی بات پر الجھتے نظر آئے، اسی دوران اہلیہ نے ان کے منہ پر تھپڑ ماردیا۔
تھپڑ پڑتے ہی ایمانویل میکرون یہ دیکھ کر مزید سٹپٹائے کہ طیارہ کا دروازہ کھل چکا تھا اور سب کی نظریں ان ہی پر تھی، بعدازاں دونوں میاں بیوی ایک ساتھ طیارے سے باہر نکل کر سیڑھیاں اترنے لگے، اس دوران فرانسیسی صدر نے صورتحال کو نارمل ظاہر کرنے کیلئے اہلیہ کی طرف بغل میں ہاتھ ڈال کر سیڑھیاں اترنے کی پیشکش جسے انکی اہلیہ نے یکسر نظرانداز کردیا۔
ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ابتدائی طور پر فرانسیسی صدر کے دفتر نے ویڈیو کی صداقت سے انکار کیا لیکن بعدازاں تصدیق کرتے ہوئے ویڈیو کے اصل پس منظر کی وضاحت دینے میں مصروف ہو گئے اور اسے محض ‘مذاق میں کی گئی حرکت’ قرار دینے لگے۔
میکرون کی وضاحت
دریں اثنا صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر میکرون نے اس تاثر کو رد کر دیا کہ یہ وائرل ویڈیو دونوں میاں بیوی کے درمیان کسی گھریلو ناچاقی کی عکاسی کر رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘ہم ہنسی مذاق کر رہے تھے جوکہ ہم اکثر کرتے ہیں، لیکن اسے بڑھا چڑھا کر کسی عالمی جنگ کے طور پر پیش کیا جا رہا ہے’۔
انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ ہفتوں میں ان کے خلاف بدنیتی پر مبنی اطلاعات کی ایک لہر شروع ہو چکی ہے، جن میں سے ہر ایک کا مقصد انہیں بدنام کرنا ہے۔
صدر میکرون نے مزید کہا کہ اس سے پہلے یوکرین کے دورے کے دوران ان کی ایک ویڈیو میں ٹشو پیپر کو ‘کوکین کا پیکٹ’ قرار دیا گیا تھا، اسی طرح البانیا میں ترک صدر اردوان سے مصافحہ کو ‘جنگی مقابلہ’ بنا کر پیش کیا گیا۔
انہوں نے اس ویڈیو کے گرد پھیلائی گئی افواہوں کو ‘ڈس انفارمیشن’ یعنی گمراہ کن معلومات پھیلانے کی کوشش قرار دیا اور الزام عائد کیا کہ ایسے منفی تاثر کو پھیلانے میں روسی عناصر اور فرانس میں موجود انتہا پسند ملوث ہو سکتے ہیں۔
ایمانوئل میکرون نے لوگوں سے اپیل کی کہ وہ افواہوں اور جھوٹی خبروں پر کان نہ دھریں اور اصل مسائل پر توجہ دیں۔
یاد رہے کہ فرانسیسی صدر ایمانوئل میکرون نے سال2007 میں اپنے ہائی اسکول کی ٹیچر بریجیٹ سے محبت کی شادی کی تھی جو عمر میں ان سے 25 سال بڑی ہیں۔