بالی وڈ اداکارہ اروشی روٹیلا نے کانز فلم فیسٹیول 2025 کے پہلے دن اپنے لباس کی وجہ سے ایشوریا رائے بچن سے موازنہ کیے جانے پر سخت ردعمل کا اظہار کردیا۔
کانز فلم فیسٹیول میں ان کا ملٹی کلر گاؤن ایشوریا کے 2018 کے کانز لُک سے نمایاں مشابہت رکھتا تھا۔
حال ہی میں فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام کا رخ کرتے ہوئے اداکارہ اروشی روٹیلا نے ان خبروں کو تنقید کا نشانہ بنایا جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ وہ ایشوریا کی نقل کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔
اپنی انسٹاگرام پوسٹ میں اروشی روٹیلا کا کہنا تھا کہ ‘تو بظاہر میں ‘ایشوریا رائے بننے کی کوشش کر رہی ہوں مگر اس خبر میں ذرا بھی کشش نہیں کیونکہ ایشوریا آئیکونک ہیں‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ‘اور ہاں میں یہاں کسی کی نقل کرنے نہیں آئی کیونکہ میں اصل خاکہ (blueprint) ہوں کانز نے مجھے نقل کے لیے مدعو نہیں کیا تھا میں وہاں نمایاں ہونے آئی تھی اگر میرا لُک، میرا انداز، یا میرا اعتماد آپ کو بے چین کرتا ہے تو آپ گہری سانس لیں‘۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘میں سب کے ذوق کے مطابق نہیں میں آتش بازی کے ساتھ شمپیئن کی طرح ہوں اور کشش؟ اگر آپ اسے ناپ سکتے تو میں پیمانے کو توڑ دیتی‘۔
اروشی نے مزید کہا کہ ‘اسلیے مجھے ناقدین کی کوئی پرواہ نہیں کیونکہ میں اپنی کامیابی سے خود کو دنیا کے آگے منوارہی ہوں‘۔
معاملہ کیا تھا؟
یہ موازنہ بنیادی طور پر اروشی روٹیلا کے کانز فلم فیسٹیول 2025 کے پہلے دن کے لباس کی وجہ سے شروع ہوا۔
اروشی نے پہلے دن ایک ملٹی کلر گاؤن پہنا تھا جس کی ساخت اور ڈیزائن میں 2018 کے کانز فیسٹیول میں ایشوریا رائے بچن کے مشہور اور آئیکونک کانز لُک سے نمایاں مماثلت تھی۔
ایشوریا رائے بچن نے 2018 میں ڈیزائنر Michael Cinco کا ڈیزائن کردہ تتلی جیسا (butterfly gown) لباس پہنا تھا جو انتہائی ڈرامائی اور وسیع تھا اور اس میں کئی رنگوں کا حسین امتزاج تھا۔
اروشی روٹیلا کا 2025 کا گاؤن بھی اسی طرح کے ڈرامائی حجم، پرتوں اور رنگوں کے استعمال پر مبنی تھا جو رنگ برنگی طوطے کی طرز پر تھا جس نے فوری طور پر سوشل میڈیا صارفین کو ایشوریا کے اس یادگار لُک کی یاد دلا دی۔
سوشل میڈیا صارفین نے بھی ایشوریا کے لُک کا کا موازنہ اروشی سے کیا جس پر اداکارہ برہم ہوگئیں۔