اداکارہ ماہرہ خان نے حالیہ پوڈکاسٹ انٹرویو میں اپنی ذاتی زندگی، بالخصوص اپنی پہلی اور دوسری شادی کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی۔
معروف میزبان احمد علی بٹ کی پوڈکاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے ماہرہ خان نے بتایا کہ ان کے سابق شوہر علی عسکری اور اُن کی اہلیہ زارا کے ساتھ آج بھی خوشگوار اور باہمی احترام پر مبنی تعلقات قائم ہیں۔
ماہرہ خان نے 2007 میں علی عسکری سے شادی کی تھی، جن سے ان کے ہاں ایک بیٹے اذلان کی پیدائش ہوئی، تاہم آٹھ سال بعد 2015 میں ان کی ازدواجی زندگی اختتام کو پہنچ گئی تھی۔
ماہرہ نے اپنی پہلی شادی کو ایک قیمتی تجربہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ اگر وہ یہ رشتہ نہ نبھاتیں تو انہیں اذلان جیسا قیمتی تحفہ نصیب نہ ہوتا۔
اداکارہ نے مزید بتایا کہ وہ کئی برس قبل دوسری شادی کا سوچ رہی تھیں لیکن بیٹے کی کم عمری اور اس کی فلاح ان کے لیے اولین ترجیح تھی۔
اداکارہ کے مطابق وہ چاہتی تھیں کہ اذلان خود ان کی دوسری شادی کے لیے آمادگی ظاہر کرے،چنانچہ جب اذلان عمر کے اس مرحلے پر پہنچا جہاں وہ خود ماں کی خوشی کو سمجھنے لگا، تو اس نے خود ماہرہ کو دوسری شادی کا مشورہ دیا۔
ماہرہ خان نے کہا کہ انہیں کبھی اپنی پہلی شادی کے اختتام پر پچھتاوا محسوس نہیں ہوا۔
ان کے مطابق زندگی کے ہر مرحلے سے کچھ نہ کچھ سیکھنے اور حاصل کرنے کو ملتا ہے۔ پہلی شادی ان کے لیے اس لحاظ سے قیمتی ہے کہ اس سے انہیں اذلان جیسا بیٹا ملا، جو ان کی زندگی کی سب سے بڑی خوشی ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر 2023 میں ماہرہ خان نے بزنس مین سلیم کریم سے دوسری شادی کی، جو اُن کے بقول ایک سوچا سمجھا اور بالغ نظری پر مبنی فیصلہ تھا۔
انہوں نے اعتراف کیا کہ دوسری شادی سے قبل دل میں خدشات ضرور تھے لیکن بیٹے کی حمایت اور حوصلہ افزائی نے انہیں یہ قدم اٹھانے کا حوصلہ دیا۔
ماہرہ خان کی باتوں سے یہ واضح ہوتا ہے کہ وہ اپنی زندگی کے ہر تجربے کو مثبت انداز میں دیکھتی ہیں، اور تعلقات کو باہمی عزت، سمجھداری اور خلوص سے سنوارنے پر یقین رکھتی ہیں۔