بھارتی اداکارہ کاجول کی ہارر فلم ’ماں’ کے ٹریلر نے جہاں فلمی شائقین کے دل دہلا دیے وہیں فلمساز کرن جوہر کو بھی تعریف کرنے پر مجبور کردیا۔
جیو اسٹوڈیو کے یوٹیوب چینل پر آج شام ’ماں’ فلم کا ٹریلر اپلوڈ کیا گیا ہے جو 2 منٹ 24 سیکنڈ پر مشتمل ہے۔
ٹریلر کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ اس فلم میں کاجول اپنی بیٹی کو پراسرار قوتوں سے بچانے کے لئے ہر حد پار کرنے کو تیار ہیں، کیونکہ یہ فلم ’ماں’کی ایک ایسی کہانی بیان کرے گی جو خوف ، خون اور دھوکا دہی سے جڑی ہوئی شیطانی لعنت کو ختم کرنے کے لئے ’کالی’ بن جاتی ہے۔
آج بروز جمعرات 29 مئی کو ماں کا ٹیزر اپلوڈ کیا گیا ہے جسکا شدت سے انتظار تھا، اس ٹیزر نے نہ صرف ہر دیکھنے والوں کے رونگٹے کھڑے کردیے ہیں وہیں کرن جوہر جیسی بڑی شخصیات بھی اس کہانی کی تعریف کرنے سے خود کو روک نہیں پارہے۔
حال ہی میں کرن نے انسٹاگرام پر ایک طویل نوٹ میں نہ صرف ٹیزر کی تعریف کی بلکہ کاجول کے کردار کو ان کے کریئر کا بہترین رول قرار دیا ہے۔

انسٹاگرام اسٹوری میں کرن جوہر نے فلم کا ٹیزر شیئر کرتے ہوئےلکھا کہ،‘کیا شاندار ٹیزر ہے ہر پہلو سے سپر ہٹ لگ رہی ہے’۔
کرن جوہر نے فلم سے متعلق اپنی ایکسائٹمنٹ بیان کرتے ہوئے مزید لکھا کہ،’کاجول واقعی کمال کر گئی ہیں، ہر سین پر ان کی گرفت ہے! ایک محافظ ماں کا کردار کاجول کا اب تک کا بہترین پرفارمنس ہے! میں نے تو اپنا ٹکٹ بک بھی کر لیا ہے!
2 منٹ 24 سیکنڈ پر مشتمل ٹریلر کا آغاز کاجول کی کار ڈرائیو سے ہوتا ہے، جہاں وہ اپنی بیٹی کو ایک گھنے جنگل کے راستے سے لے جا رہی ہوتی ہیں، بیٹی ماہواری کے درد کی شکایت کرتی ہے، جس پر کاجول اُسے تسلی دیتی ہیں کہ وہ جلد رکیں گے اور سب ٹھیک ہو جائے گا۔
لیکن منصوبے کے مطابق کچھ نہیں ہوتا، کیونکہ اچانک ایک پراسرار سایہ کار کی کھڑکی پر زور سے ٹکراتا ہے، اس کے بعد ماں بیٹی کی جوڑی خود کو ایک انجان جگہ ’چندن پور’ میں پاتی ہے، جہاں ایک تاریک اور خوفناک باب کھلنے والا ہے۔
کاجول اپنی بیٹی کو سختی سے کہتی ہیں کہ بغیر اجازت باہر نہ نکلے لیکن پھر جلد ہی انہیں ایک منحوس درخت کے بارے میں معلوم ہوتا ہے، جس کے بارے میں مانا جاتا ہے کہ اس میں شیطانی روحیں بسی ہوئی ہیں۔
آگے چل کر فلم میں اداکار رونیت رائے کا کردار بھی سامنے آتا ہے، جو انکشاف کرتا ہے کہ حالیہ مہینوں میں اسی مقام سے کئی لڑکیاں پراسرار طور پر غائب ہو چکی ہیں۔
جسکے بعد ایک ماں کی حیثیت سے غصے اور خوف میں ڈوبی کاجول اعلان کرتی ہیں کہ میں اپنی بیٹی کو اس لعنت کو ختم کرنے کی قربانی نہیں بننے دوں گی!’۔
ٹریلر ایک سنسنی خیز اور جذباتی ہارر کہانی کا وعدہ کرتا ہے، جہاں ماں کی محبت اور قربانی شیطانی ظلم کے خلاف آخری ہتھیار بن جاتی ہے۔
یاد رہے کہ اس ہارر فلم کی ہدایت کاری کے فرائض وشال فریا نبھارہے ہیں جبکہ اسے اجے دیوگن اور جیوتی سببرائن نے تیار کیا ہے۔
سیوین کواڈراس نے اسکرین پلے لکھا ، جبکہ سندیپ فرانسس ایڈیٹر ہیں۔ فلم کے میوزک کمپوزر ہرش اپادھیائے، راکی کھنہ اور شیو ملہوترا ہیں۔
اس تجربہ کار ٹیم کی زیر نگرانی یہ فلم 27 جون کو سینما گھروں میں ریلیز ہونے والی ہے۔