پاکستانی شوبز انڈسٹری کی دلکش ماڈل و اداکارہ سونیا حسین نے اپنی اپکمنگ ہارر فلم ‘دیمک’ کی پروموشنز کے دوران ایکٹنگ چھوڑنے کی خبروں کی تردید کردی۔
اداکارہ سونیا حسین ان دنوں اپنی فلم ‘دیمک‘ کی پروموشن میں مصروف ہیں اور اسی سلسلے میں انہوں نے اپنے ایک حالیہ انٹرویو میں شادی کے بعد شوبز انڈسٹری کو خیرباد کہنے کے اپنے بیان کی وضاحت کردی۔
فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ ا نسٹاگرام پر اداکارہ کی ایک ویڈیو تیزی سے وائرل ہورہی ہے جس میں انہیں اپنے اسٹیٹمنٹ کو ہیڈلائنز میں سیاق و سباق سے ہٹاکر الگ رنگ دے کر جاری کرنے اور ایکٹنگ چھوڑنے کی خبروں کی تردید کرتے سنا جاسکتا ہے۔
ویڈیو میں سنا جاسکتا ہے کہ اپنے حالیہ انٹرویو میں سونیا حسین نے ان خبروں کی تردید کی ہے جن میں کہا جا رہا تھا کہ انہوں نے اداکاری چھوڑ دی ہے۔
سونیا حسین نے واضح کیا ہے کہ انہوں نے اداکاری نہ چھوڑی ہے اور نہ ہی مستقبل میں ایسا کوئی ارادہ رکھتی ہیں البتہ انہوں نے اب کام کرنا کم کر دیا ہے۔
چند دن قبل سونیا حسین نے ایک انٹرویو میں کہا تھا کہ شادی کے بعد اگر ان کے شوہر شوبز میں کام کی اجازت نہیں دیں گے تو وہ اداکاری چھوڑ دیں گی۔
انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ وہ اب پروڈکشن میں بھی سرگرم ہیں اس لیے ان کا زیادہ عرصے تک اداکاری کرنے کا ارادہ نہیں۔
اداکارہ کے اس انٹرویو کے بعد یہ چہ مگوئیاں شروع ہو گئی تھیں کہ سونیا حسین نے اداکاری کو خیرباد کہنے کا فیصلہ کر لیا ہے جس پر اب انہوں نے وضاحت پیش کی ہے۔
ایک سوشل میڈیا انفلوئنسر کو دیے گئے نئے انٹرویو میں سونیا حسین نے پروڈکشن اور ایکٹنگ کے فرق پر بھی بات کی اور بتایا کہ پروڈکشن کا کام زیادہ بہتر ہوتا ہے۔
سونیا حسین کے مطابق چونکہ انہوں نے پروڈکشن میں قدم رکھ دیا ہے اس لیے انہوں نے کچھ وقت کے لیے اداکاری کم کی ہے لیکن انہوں نے اداکاری کو خیرباد نہیں کہاہے۔
اداکارہ نے انٹرویو کے دوران اپنی اپکمنگ ہارر فلم ‘دیمک’ پر بھی بات کی اور بتایا کہ فلم کی تقریباً تمام ٹیم سینئرز پر مشتمل ہے جس وجہ سے فلم پر اچھی طرح کام ہوا ہے اسی کے ساتھ سونیا حسین نے یہ بھی واضح کیا کہ انہوں نے فلم میں ‘چڑیل’ کا کردار ادا نہیں کیا لیکن ان کا کردار منفی ضرور ہے
سونیا حسین اور فیصل قریشی کی فلم ’دیمک‘ کو عید الاضحیٰ کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا اور جہاں اس فلم کا مقابلہ ماہرہ خان اور ہمایوں سعید کی رومانٹک کامیڈی فلم ’لو گرو‘ سے ہوگا۔
رافع راشدی کی ہدایت کاری میں بننے والی فلم ’دیمک‘ کی کہانی عائشہ مظفر نے لکھی ہے اور یہ ان کی بطور رائٹر پہلی فلم ہوگی، فلم کی میگا کاسٹ میں جاوید شیخ، ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، سونیا حسین، فیصل قریشی اور ثمن انصاری سمیت دیگر نامور اداکار شامل ہیں۔
فلم کے جاری کیے گئے ٹریلر سے کہانی کو مکمل طور پر سمجھنا مشکل ہے تاہم عندیہ ملتا ہے کہ فلم میں ثمینہ پیرزادہ مرکزی مشکل کردار میں نظر آئیں گی۔
ٹریلر میں ثمینہ پیرزادہ، بشریٰ انصاری، جاوید شیخ اور سونیا حسین سمیت دیگر کے کرداروں کی جھلکیاں دکھائی گئی ہیں۔
ٹریلر سے یہ بھی اشارہ ملتا ہے کہ فلم کی کہانی فیصل قریشی اور ان کی اہلیہ سونیا حسین اور ان کی والدہ ثمینہ پیرزادہ کے گرد گھومتی ہے۔
ٹریلر میں ثمینہ پیرزادہ کو ایک پیچیدہ اور مشکل کردار میں دکھایا گیا ہے جب کہ وہ اپنے بیٹے یعنی فیصل قریشی کو اہلیہ سونیا حسین کے خلاف بھی ورغلاتی دکھائی دیتی ہیں اور انہیں یہ بتاتی ہیں کہ ان کی بیوی نے ان پر کالا جادو کر رکھا ہے۔
ٹریلر میں خوفناک مناظر بھی دکھائے گئے ہیں جو ہارر کے شائقین کے لیے تجسس پیدا کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ دیمک کا عید پر باکس آفس پر میگا بجٹ فلم ’لو گرو‘ سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔