تازہ تر ین

ویرات کوہلی مشکلات میں: ریسٹورنٹ پر سنگین الزام، ایف آئی آر درج

مایہ ناز بھارتی کرکٹر ویرات کوہلی کی زیرملکیت مشہور ریسٹورنٹ One8 Commune کی بنگلور میں واقع برانچ ایک بار پھر قانونی مسائل کا شکار ہو گئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق کوہلی کے ریسٹورنٹ کے خلاف پولیس نے پبلک ہیلتھ قوانین اور انسدادِ تمباکو نوشی ضوابط کی خلاف ورزی پر ایف آئی آر درج کر لی ہے۔

یہ کارروائی سگریٹ اور دیگر تمباکو مصنوعات سے متعلق قوانین (COTPA) کے تحت کی گئی ہے جنکی خلاف ورزی کا انکشاف حال ہی میں مذکورہ ریسٹورنٹ پر چھاپے کے دوران ہوا۔

پولیس نے 29 مئی کو معمول کی نگرانی کے دوران One8 Commune بنگلور پر چھاپہ مارا، اس دوران وہاں انسدادِ تمباکو نوشی قانون کی خلاف ورزیاں سامنے آئیں، جن میں خاص طور پر غیر مختص شدہ مقامات پر سگریٹ نوشی کی اجازت شامل تھی۔

ابتدائی طور پر ایک نان-کگنیزیبل رپورٹ (NCR) درج کی گئی، جس کے بعد عدالت سے اجازت حاصل کر کے ریسٹورنٹ کے خلاف باضابطہ ایف آئی آر درج کی گئی۔

پولیس کے مطابق ریسٹورنٹ میں مخصوص ‘اسموکنگ زون’ قائم ہی نہیں کیا گیا، جو COTPA قوانین کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

ایف آئی آر میں ریسٹورنٹ کے مینیجر اور دیگر عملے کو نامزد کیا گیا ہے، تاہم ویرات کوہلی کا نام ایف آئی آر میں شامل نہیں کیا گیا۔

ریسٹورنٹ انتظامیہ یا ویرات کوہلی کی جانب سے تاحال کوئی باضابطہ بیان سامنے نہیں آیا۔

ایف آئی آر میں صرف ریسٹورنٹ کے مینیجر اور عملے کو شامل کیا گیا ہے، تاہم میڈیا اور عوام ویرات کوہلی کے ردعمل کے منتظر ہیں۔

ریسٹورنٹ سے جڑے تنازعات

ویرات کوہلی کے ریسٹورنٹOne8 Commune کی بنگلور میں واقع آؤٹ لیٹ دسمبر 2023 میں کھولی گئی تھی، یہ ریسٹورنٹ بھارت کے دیگر بڑے شہروں جیسے ممبئی، دہلی، پونے اور کولکتہ میں بھی موجود ہے، تاہم بنگلور میں واقع برانچ بارہا تنازعات کا شکار رہی ہے۔

جولائی 2024 میں اسی ریسٹورنٹ کو قانون کے مطابق طے شدہ وقت (رات 1 بجے) کے بعد کھلا رکھنے پر بھی نوٹس دیا گیا تھا، جب یہ مبینہ طور پر رات 1:30 بجے تک کھلا دیکھا گیا، آس پاس کے رہائشیوں کی شکایات پر پولیس نے شور و غل اور نیند میں خلل کی بنیاد پر اس ریسٹورنٹ کے خلاف مقدمہ درج کیا تھا۔

اس کے بعد دسمبر 2024 میں برہت بنگلورو مہانگر پالیکے (BBMP) نے ریسٹورنٹ کو آگ سے تحفظ کے ضوابط کی خلاف ورزی پر نوٹس جاری کیا تھا، جس میں آگ بجھانے کے سرکاری اجازت نامے (NOC) کے بغیر فعال ہونے کا الزام شامل تھا۔

قبل ازیں2023 میں One8 Commune کی ممبئی میں واقع برانچ بھی اس وقت خبروں میں آئی تھی جب تمل ناڈو کے ایک شہری نے الزام لگایا کہ اسے روایتی لباس (ویشٹی) پہننے کی وجہ سے ریسٹورنٹ میں داخلے سے روک دیا گیا تھا، یہ واقعہ سوشل میڈیا پر سخت تنقید اور عوامی غم و غصے کا باعث بنا تھا۔


اہم خبریں
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain