راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم و بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان عید الاضحیٰ پر بھی نمازِ عید ادا کرنے سے محروم رہ گئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اڈیالہ جیل میں نماز عید کے دو اجتماعات ہوئے، مرکزی جامع مسجد اور امام بارگاہ میں نماز عید ادا کی گئی، تاہم بانی پی ٹی آئی عمران خان سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر نماز عید ادا نہیں کرسکے۔
جیل ذرائع نے دعویٰ کیا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان کو نماز کے اوقات سے پہلے آگاہ کردیا گیا تھا، تاہم نماز عید کے اوقات میں وہ آرام فرماتے رہے۔
یاد رہے کہ سابق وزیراعظم کی یہ چوتھی عید جیل میں ہے جبکہ انکی اہلیہ بشریٰ بی بی دوسری عید جیل میں گزار رہی ہیں۔
رواں برس عید الفطر کے موقع پر بھی عمران خان سیکیورٹی وجوہات کے سبب اڈیالہ جیل کی مرکزی جامع مسجد میں نماز عید ادا نہیں کر سکے تھے۔
اڈیالہ جیل میں نماز عید میں قیدیوں، حوالاتیوں اور جیل افسران نے شرکت کی تھی جبکہ عمران خان اور بشریٰ بی بی اپنے اپنے سیل میں رہے۔
واضح رہے کہ سابق وزیراعظم عمران خان ڈیڑھ برس سے زائد عرصے سے اڈیالہ جیل میں قید ہیں، انہیں 5 اگست 2023 کو توشہ خانے سے حاصل کردہ تحائف اپنے ٹیکس گوشواروں میں ظاہر نہ کرنے پر جیل بھیجا گیا تھا۔