بالی وڈ کے 2 بڑے سپر اسٹارز، شاہ رخ خان اور سلمان خان کی فلم ’ٹائیگر ورسز پٹھان’ کا مداح طویل عرصے سے انتظار کررہے ہیں تاہم اب اس فلم کے حوالے سے انتہائی مایوس کن خبریں سامنے آرہی ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق یہ فلم فی الحال التوا کا شکار ہو گئی ہے، اگرچہ یش راج فلمز (YRF) کی جانب سے اس بارے میں باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا، لیکن اطلاعات ہیں کہ اس پروجیکٹ کو مکمل طور پر ترک نہیں کیا گیا بلکہ اس کی تخلیقی سمت پر نظرِ ثانی کی جا رہی ہے۔
سلمان خان نے رواں برس کے آغاز میں ایک تقریب کے دوران تصدیق کی تھی کہ ’ٹائیگر ورسز پٹھان’ فی الحال نہیں بن رہی، اس بیان کے بعد سے ہی اس فلم کے مستقبل پر سوالیہ نشان لگ چکا تھا۔
اب معروف انٹرٹینمنٹ پورٹل PeepingMoon.com نے انکشاف کیا ہے کہ یش راج فلمز کے سربراہ آدتیہ چوپڑا اس فلم اور دیگر اسپائی یونیورس فلموں کے لیے نئی تخلیقی حکمت عملی ترتیب دے رہے ہیں۔
ویب سائٹ کے مطابق آدتیہ چوپڑا کا ماننا ہے کہ یش راج فلمز کی اسپائی یونیورس میں بہت زیادہ یکسانیت نظر آرہی ہے اور اس میں تازگی لانے کی ضرورت ہے۔
رپورٹ کے مطابق آدتیہ کا خیال ہے کہ اسپائی یونیورس فلموں کا ایک ہی جیسا انداز بار بار دُہرایا جارہا ہے، اس لیے اب وہ نئے زاویے سے کہانی سنانے اور نئے انداز میں فلم کو پیش کرنے پر غور کر رہے ہیں۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد یہ نہیں کہ موجودہ پراجیکٹس ختم کر دیے جائیں بلکہ یہ ہے کہ ’ٹائیگر ورسز پٹھان‘ اور اس جیسی دیگر فلمیں ایک نئی تخلیقی راہ اختیار کریں، تاکہ یکسانیت سے بچا جا سکے اور فلم بینوں کو کچھ نیا پیش کیا جا سکے’۔
واضح رہے کہ ‘یش راج فلمز’ کی اسپائی یونیورس کا آغاز 2012 میں ریلیز ہونے والی فلم ’ایک تھا ٹائیگر‘ سے ہوا، جس میں سلمان خان نے را ایجنٹ اویناش سنگھ راٹھور عرف ’ٹائیگر‘ کا کردار ادا کیا، اس کے بعد ’ٹائیگر زندہ ہے (2017)’ اور ’ٹائیگر 3 (2023)’ میں انہوں نے اسی کردار کو دوبارہ نبھایا۔
شاہ رخ خان نے 2023 میں بلاک بسٹر فلم ’پٹھان‘ سے اس یونیورس میں انٹری دی، جس میں سلمان خان نے بطور ٹائیگر خصوصی کیمیو بھی کیا۔
اسپائی یونیورس میں ’وار (2019)’ بھی شامل ہے جس میں ریتیک روشن اور ٹائیگر شروف نے کام کیا، اس سلسلے کی آئندہ فلمیں ’وار 2‘ اور ‘الفا’ ہیں، جس میں عالیہ بھٹ اور شرواری واگ ایک ساتھ اسکرین پر نظر آئیں گی۔
یاد رہے کہ ‘ٹائیگر ورسز پٹھان‘ سے قبل بھی شاہ رخ اور سلمان خان کئی یادگار فلموں میں ایک ساتھ نظر آ چکے ہیں، جیسے ’کرن ارجن (1995)’، ’کچھ کچھ ہوتا ہے (1998)’ اور ’ہم تمہارے ہیں صنم (2002)’۔
سلمان خان آخری مرتبہ عید 2025 پر ریلیز ہونے والی فلم ’سکندر‘ میں نظر آئے، جس کی ہدایت کاری اے آر مروگادوس نے کی تھی اور اس میں پوجا ہیگڑے نے بھی اہم کردار ادا کیا، تاہم یہ فلم باکس آفس پر خاطر خواہ کامیابی حاصل نہ کر سکی۔
شاہ رخ خان، جو پچھلے سال ’ڈنکی‘ میں جلوہ گر ہوئے تھے، اب اپنی آئندہ فلم ’کنگ‘ میں دکھائی دیں گے، جسے سوجوئے گھوش ڈائریکٹ کر رہے ہیں۔