بالی وڈ کے ‘مسٹر پرفیکشنسٹ’ اداکار عامر خان اِن دنوں ری میک فلمیں بنانے کی بھرپور انداز میں حمایت کرتے نظر آرہے ہیں۔
عامر خان نے حال ہی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران اپنی 1995 میں ریلیز ہونے والی فلم ‘آتنک ہی آتنک’ کی ناکامی پر کھل کر بات کی۔
اس فلم کو 1972 کی شہرۂ آفاق ہالی وڈ فلم ‘دی گاڈ فادر’ کا اَن آفیشل ری میک سمجھا جاتا ہے، تاہم یہ فلم باکس آفس پر بُری طرح ناکام ہوئی۔
فلم ‘آتنک ہی آتنک’ میں عامر خان کے ساتھ جوہی چاولہ اور رجنی کانت نے مرکزی کردار ادا کیے تھے، جبکہ ہدایتکاری دلیپ شنکر نے کی تھی، اتنی بڑی اسٹار کاسٹ کے باوجود فلم کو نہ ناقدین نے سراہا اور نہ ہی عوام نے۔
اس فلم پر تبصرہ کرتے ہوئے عامر خان نے کہا کہ ‘یہ ہم نے گاڈفادر کا ری میک بنانے کی کوشش تھی، جس میں ہم بری طرح ناکام ہوئے، مجھے تسلیم کرنا ہوگا کہ اُس وقت میں بہت ناتجربہ کار تھا، میں نے فلم میں سلک بیک ہیئر اسٹائل رکھا، گاڈ فادر اسٹائل میں سگریٹ پیتا تھا اور تھری پیس سوٹ پہنتا تھا، جب میں نے فلم دیکھی تو مجھے احساس ہوا کہ میں کتنا غلط تھا، حد ہی ہو گئی تھی’۔
عامر خان نے فلم کے لُک اور کریکٹر ڈیزائن پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ‘اطالوی لوگ سلک بیک ہیئر اسٹائل رکھتے ہیں، ہم بھارتی لوگ ویسا اسٹائل نہیں اپناتے، پھر تھری پیس سوٹ وہ بھی اتنی گرمی میں؟ یہ بالکل غیر فطری لگتا تھا، اگر کوئی گینگسٹر ہے تو اس کا مطلب یہ نہیں کہ اسے تھری پیس سوٹ پہننا لازمی ہے، اصل میں گاڈ فادر کا کردار سرد علاقوں میں رہتا تھا اس لیے اس کا لباس موزوں تھا، لیکن ہمارے ماحول میں تو پاجامہ کُرتا زیادہ مناسب ہوتا’۔
انہوں نے مزید کہا کہ ‘مجھے بعد میں اندازہ ہوا کہ فلم کی سب چیزیں جعلی تھیں اور سب کچھ بناوٹی لگا، دی گاڈ فادر ایک زبردست کہانی ہے، اور آج بھی اگر اس کے ہندی ری میک پر کام کیا جائے تو کامیاب ہو سکتی ہے، لیکن صرف اس وقت جب اس کے رائٹس لے کر اسے ہمارے اپنے ثقافتی پسِ منظر کے مطابق ڈھالا جائے، فریم ٹو فریم کاپی کرنے سے سب برباد ہوجائے گا’۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ عامر خان کی پچھلی فلم ‘لال سنگھ چڈھا’ بھی ایک ہالی وڈ فلم ‘فاریسٹ گمپ (1994)’ کا آفیشل ری میک تھی اور اب ان کی نئی فلم ستارے زمین پر بھی 2018 کی ہسپانوی فلم ‘چیمپئنز’ کا آفیشل ری میک ہے۔
ستارے زمین پر کی ہدایتکاری آر ایس پرسانا کر رہے ہیں اور یہ فلم 20 جون 2025 کو سنیما گھروں کی زینت بنے گی۔