کاجول اور شاہ رخ خان کی آن اسکرین جوڑی کا شمار بھارتی فلم انڈسٹری کی مقبول ترین جوڑیوں میں ہوتا ہے جنہوں نے مداحوں کے دلوں میں اپنی علیحدہ جگہ بنائی ہوئی ہے۔
ان دونوں نے ایک ساتھ کئی سپر ہٹ رومانوی فلمیں کیں، جو باکس آفس پر بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔
دونوں اداکاروں کی آخری فلم ‘دل والے’ تھی جو 2015 میں ریلیز ہوئی تھی، جس کے بعد سے مداح ان کی ایک اور محبت بھری کہانی میں واپسی کا شدت سے انتظار کر رہے ہیں۔
حال ہی میں پنک ولا کو دیے گئے ایک خصوصی انٹرویو میں کاجول نے خود بھی شاہ رخ کے ساتھ دوبارہ رومانوی فلم کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
انٹرویو کے دوران کاجول سے سوال کیا گیا کہ کیا وہ اور شاہ رخ خان، جو ایک پوری نسل کو محبت پر یقین دلانے کا سبب بنے، آج کے دور کے جذبات کی عکاسی کرتی ایک میچیور لو اسٹوری پر مبنی کسی فلم میں ایک ساتھ نظر آنا چاہیں گی؟
اس کے جواب میں کاجول نے کہا کہ ‘میں ایسی فلم کو ضرور دیکھنا چاہوں گی، بالکل، کیوں نہیں؟ اگر شاہ رخ یہاں کبھی آئیں، تو آپ انہیں یہ تجویز ضرور دیے گا لیکن دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے’۔
اداکارہ نے شاہ رخ کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ وہ جس طرح انٹرویوز میں اپنے حوالے سے اظہار کرتے ہیں وہ اسے سراہتی ہیں اور وجہ سے ان کے انٹرویوز پسند کرتی ہیں۔
کاجول کا کہنا تھا کہ ‘شاہ رخ خان باتوں کو انداز سے کہنے کا ہنر رکھتے ہیں۔
ساتھی اداکاروں کے ساتھ اپنی بے مثال کیمسٹری سے متعلق جواب میں کاجول نے کہا کہ اس کا مطلب یہ ہے کہ میں ایک اچھی اداکارہ ہوں۔
ساتھ ہی مزاحیہ مثال دیتے ہوئےکہا کہ اگر میرے سامنے ایک گائے بھی کھڑی کر دی جائے نا، تو میں ایسی اداکاری کروں گی کہ وہ گائے بھی یہی سمجھے گی کہ میں اس سے پاگلوں کی طرح محبت کرتی ہوں (اور گائے سے مراد واقعی جانور ہے، کوئی غلط فہمی نہ ہو!)’۔
خیال رہے کہ کاجول بہت جلد اپنی نئی فلم ‘ماں’ کے ساتھ بڑے پردے پر واپسی کر رہی ہیں، یہ ایک میتھولوجیکل ہارر فلم ہے، جسے وشال فُریا نے ڈائریکٹ کیا ہے، جبکہ اجے دیوگن اور جیوتی سُبّرایان نے پروڈیوس کیا ہے۔
فلم میں کاجول ایک طاقتور ماں کا کردار نبھا رہی ہیں، جو اپنی بیٹی کی حفاظت کے لیے کسی بھی حد تک جا سکتی ہے۔
یہ فلم 27 جون کو سینما گھروں کی زینت بنے گی، اور اسے ہندی، تامل، تیلگو، اور بنگالی زبانوں میں ریلیز کیا جائے گا۔
فلم کی دیگر کاسٹ میں رونت رائے، اندرنیل سینگپتا، جتن گلاٹی، گوپال سنگھ، سورجیا سیکھا داس، یانیہ بھارتی واج، روپکٹھا چکرورتی اور کھیرن شرما شامل ہیں۔