ادکارہ کاجول نے بیٹی نیسا دیوگن کو انٹرنیٹ پر ٹرولز سے نمٹنے کا گُر بتاتے ہوئے انہیں نظر انداز کرنے کا مشورہ دیا ہے۔
کاجول جو کہ اپنی آنے والی فلم ’ماں‘ میں ایک پروٹیکٹو ماں کا کردار ادا کررہی ہیں ، حقیقت میں بھی اپنی اولاد کو ہر خطرے سے خبردار کرتی نظر آتی ہیں۔
اداکارہ کاجول شوبز انڈسٹری میں اب تک 34 سال گزار چکی ہیں،انہوں نے شہرت کے اس سفر میں کئی اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں لیکن اُن کے بچے ابھی اس سب کے عادی نہیں ہیں۔
اُن کا 14 سالہ بیٹا یوگ تو ابھی بہت چھوٹا ہے کہ میڈیا کی توجہ کا مرکز بنے مگر بیٹی نیسا نے انٹرنیٹ پر کئی مرتبہ تنقید اور طنز کا سامنا کیا ہے۔
ہندوستان ٹائمز کو دیے گئے ایک انٹرویو میں کاجول نے ان منفی تبصروں پر بات کی اور بتایا کہ وہ نیسا کو ان حالات سے نمٹنے کے لیے کیسے تیار کرتی ہیں۔
کاجول ان دنوں اپنی نئی فلم ماں کی پروموشن میں مصروف ہیں، جو اسی مہینے کے آخر میں ریلیز ہوگی۔
فلم میں کاجول ایک ایسی ماں کا کردار ادا کر رہی ہیں جو اپنی بیٹی کو شیطانی طاقتوں سے بچانے کے لیے نکلتی ہے۔
کاجول کا کہنا تھا کہ اچھی باتیں کرنے والے زیادہ جبکہ منفی باتیں کرنے والے لوگ کم ہوتے ہیں، سچ تو یہ ہے کہ ہمیں خود بھی نہیں معلوم ہوتا کہ یہ اصل لوگ ہیں بھی یا نہیں۔
کاجول کا کہنا تھا کہ وہ نیسا کو کہتی ہیں کہ تمہیں اچھائی پر توجہ دینی چاہئے، اگر ہزار تبصرت آتے ہیں تو ان میں سے اکثریت تمہاری تعریف کریں گے اور اگر کوئی ایک منفی تبصرہ آجائے تو اس پر زیادہ توجہ نہ دو۔
2003 میں پیدا ہونے والی نیسا اس وقت بیرونِ ملک تعلیم حاصل کر رہی ہے، ماضی میں خود کاجول اور اجے دونوں کہہ چکے ہیں کہ نیسا کا فلم انڈسٹری میں آنے کا کوئی ارادہ نہیں۔
جہاں تک کام کی بات ہے، کاجول کی اگلی فلم ماں کی ہدایتکاری وِشال فڑیا نے کی ہے، اس فلم میں رونیت رائے اور اندرنیل سینگُپتا بھی اہم کرداروں میں نظر آئیں گے، فلم 27 جون کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔