بالی وڈ فلم انڈسٹری کے کنگ شاہ رخ خان دنیا بھر میں کئی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ فرنچائزز کے مالک ہیں، انہوں نے ایک بار پھر کرکٹ کی دنیا میں ہلچل مچا دی ہے۔
حال ہی میں کنگ خان نے کیریبیئن پریمیئر لیگ (سی پی ایل)2025 کے ڈرافٹ میں اپنی ٹیم ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز (ٹی کے آر) کے لیے دو پاکستانی کرکٹرز کو سائن کرلیا۔
میڈیا پر سامنے آنے کے بعد یہ خبر پاکستانی شائقین کے لیے خوشی کا باعث بن گئی کیونکہ انہیں اپنے پسندیدہ کرکٹرز کو ایک بار پھر انٹرنیشنل لیگ میں اِن ایکشن دیکھنے کا موقع ملے گا۔
کون سے پاکستانی ستارے نائٹ رائیڈرز میں شامل ہوئے؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق کیریبین پریمیئر لیگکی ٹیم ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز میں شامل ہونے والے دو پاکستانی کھلاڑیوں میں محمد عامر اور عثمان طارق کے نام شامل ہیں۔
محمد عامر
بات کی جائے محمد عامر کی تو رائٹ ہینڈ فاسٹ باؤلرمحمد عامر اپنی سوئنگ اور رفتار کے لیے مشہور ہیں عامر کا ٹی ٹوئنٹی کرکٹ میں ایک مضبوط ریکارڈ ہے جہاں خاص طور پر سی پی ایل میں ان کی کارکردگی شاندار رہی ہے۔
ریکارڈز پر نظر دورائیں تو محمد عامر سی پی ایل کے چار سیزن کے 39 میچز میں 18.09 کی متاثر کن اوسط سے 51 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں یہی وجہ ہے کہ شاہ رخ خان کی ٹیم ٹی کے آر میں ان کی شمولیت ٹیم کی باؤلنگ لائن اپ کو مزید مضبوط کرےگی۔
عثمان طارق
آف اسپنر عثمان طارق اس سال ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز میں اپنی شمولیت کے ساتھ سی پی ایل میں اپنا ڈیبیو کریں گے۔
عثمان نے حال ہی میں پاکستان سپر لیگ 2025 میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی نمائندگی کرتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔
انہوں نے پی ایس ایل کے صرف 5 میچز میں 10 وکٹیں لے کر شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا تھا یہی وجہ ہے کہ ان کی اسپن باؤلنگ اس ٹیم کے لیے وسط اوورز میں اہم ثابت ہو سکتی ہے۔
یہ قابل ذکر بات یہ ہے کہ جہاں ایک جانب محمد عامر اور عثمان طارق جیسے ٹیلنٹڈ پاکستانی کھلاڑی سی پی ایل جیسی بین الاقوامی لیگ میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں گے وہیں محمد عامر سمیت تمام پاکستانی کرکٹرز کو بھارت نے انڈین پریمیئر لیگ میں بین کیا ہوا ہے۔
یہ پابندی پاکستان اور بھارت دونوں ممالک کے درمیان سیاسی کشیدگی کے باعث کئی سالوں سے برقرار ہے۔
واضح رہے کہ شاہ رخ خان کے کرکٹ ایمپائر میں صرف ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز ہی نہیں بلکہ آئی پی ایل کی کامیاب ٹیم کولکتہ نائٹ رائیڈرز اور امریکہ کی میجر لیگ کرکٹ میں لاس اینجلس نائٹ رائیڈرز بھی شامل ہیں۔
ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز کی سی پی ایل میں کارکردگی ہمیشہ بہترین رہی ہے شاہ رخ خان اپنے کامیاب ریکارڈ کے ساتھ اب تک چار بار سی پی ایل کا ٹائٹل جیت چکے ہیں۔
تاہم ان نئے سائننگز کے ساتھ توقع کی جارہی ہے کہ ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز اس بار بھی لیگ میں ایک مضبوط دعویدار کے طور پر ابھرے گی۔
کیریبین پریمیئر لیگ کے بارے میں
کیریبین پریمیئر لیگ ایک سالانہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ ٹورنامنٹ ہے جو ویسٹ انڈیز میں منعقد ہوتا ہے جسے کرکٹ ویسٹ انڈیز نے 2013 میں کیریبین ٹوئنٹی 20 کی جگہ خطے کے پریمیئر T20 مقابلے کے طور پر قائم کیا تھا۔
سی پی ایل کو کرکٹ کا سب سے بڑا جشن بھی کہا جاتا ہے کیونکہ یہ کرکٹ کے ساتھ ساتھ کیریبیئن ثقافت، موسیقی اور جوش و خروش کا ایک بہترین امتزاج پیش کرتا ہے۔
سی پی ایل کا فارمیٹ زیادہ تر T20 لیگز جیسا ہی ہے اس میں چھ ٹیمیں حصہ لیتی ہیں جو ڈبل راؤنڈ رابن فارمیٹ میں ایک دوسرے کے خلاف کھیلتی ہیں۔
یعنی ہر ٹیم لیگ مرحلے میں دوسری ٹیموں کے خلاف دو بار کھیلتی ہے اورلیگ کے اختتام پر ٹاپ چار ٹیمیں پلے آف کے لیے کوالیفائی کرتی ہی، جس میں ایلیمینیٹر، دو کوالیفائرز اور گرینڈ فائنل شامل ہیں۔
تاہم مزے کی بات یہ ہے کہ سی پی ایل کی تاریخ میں شاہ رخ خان کی ٹیم ٹرینیباگو نائٹ رائیڈرز سب سے کامیاب ٹیم ہے جس نے چار مرتبہ (2015, 2017, 2018, 2020) میں لیگ کا تائٹل اپنے نام کیا۔