کراچی:
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی نے پی ای سی ایچ ایس میں ٹک ٹاکرز کی 13 کروڑ روپے ڈکیتی کے مقدمے میں ٹک ٹاکر سمیت 4 ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں توسیع کردی۔
جوڈیشل مجسٹریٹ شرقی کی عدالت کے روبرو پی ای سی ایچ ایس میں ٹک ٹاکرز کے خلاف 13 کروڑ روپے ڈکیتی کے مقدمے کی سماعت ہوئی، جس میں 4 ملزمان کو پولیس نے عدالت میں پیش کیا۔
ملزمان میں نمرہ شاہ، شہریار، يسرا اور شہروز شامل ہیں۔ ملزمہ نمرا نے کہا کہ ہمیں پولیس نے تشدد کا نشانہ بنایا ہے، جس پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ یہ تو ٹیٹو کا نشان ہے۔ بعد ازاں عدالت نے ملزمہ کا میڈیکل کروانے کی ہدایت کردی۔
وکیل صفائی نے موقف دیا کہ جو ریکوری ہوئی ہے ، اس کی آنر شپ ظاہر نہیں کی گئی۔ تفتیشی افسر نے کہا کہ ہمیں ملزمان سے مزید ریکوری کرنی ہے۔ ملزمان میں ٹک ٹاکر بہن بھائی ہیں۔
عدالت نے ملزمان کے جسمانی ریمانڈ میں 4 روز کی توسیع کردی۔