لبنان نے سفارتی تعلقات کی بحالی سے متعلق اسرائیلی وزیر خارجہ کے بیان کی دو ٹوک اندز میں تردید کی ہے۔
عرب میڈیا کے مطابق لبنان کے صدر جوزف عون نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کی بحالی کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا کہ صیہونی ریاست کو تسلیم کرنے کا ارادہ نہیں۔
لبنانی صدر نے کہا کہ اسرائیل اب بھی ہمارے جنوبی علاقوں پر قبضے کو ختم کرنے سے انکار کر رہا ہے۔ قابض ریاست کو کیسے تسلیم کیا جا سکتا ہے۔
صدر جوزف عون نے کہا کہ لبنان اپنے پڑوسی ملک اسرائیل کے ساتھ پُرامن تعلقات کا خواہاں ہیں لیکن اس کا مطلب سفارتی تعلقات کی بحالی نہیں۔
لبنانی صدر نے دوٹوک انداز میں کہا کہ ہماری خارجہ پالیسی میں اسرائیل سے تعلقات کی بحالی کی کوئی گنجائش نہیں ہے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز اسرائیلی وزیر خارجہ جدعون ساعر نے کہا تھا کہ لبنان اور شام نے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات بحال کرنے میں دلچسپی کا اظہار کیا ہے۔
اسرائیل کے ساتھ متحدہ عرب امارات، بحرین اور دیگر عرب ممالک نے سفارتی اور تجارتی تعلقات بحال کرلیے ہیں۔
جس کے بعد امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ لبنان اور شام بھی اسرائیل کو تسلیم کرلیں گے اور امریکا سعودی عرب پر بھی اسرائیل کو تسلیم کرنے پر زور دے رہا ہے۔