امریکی فوج نے وینزویلا کے دارالحکومت سمیت مختلف مقامات پر حملے کردیے۔
وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس میں دھماکے ہوئے اور شہر کے مختلف علاقوں میں طیاروں کی نچلی پروازیں بھی دیکھی گئیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق وینزویلا میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حملوں کا حکم دیا ہے اور وینزویلا کے دارالحکومت کاراکس میں کم ازکم 7دھماکے ہوئے ہیں۔
امریکی میڈیا کے مطابق امریکی عہدیدار نے خبر ایجنسی سے گفتگو میں بتایا کہ امریکا وینزویلاکے خلاف فوجی حملےکررہا ہے۔
وینزویلا حکومت نے تصدیق کی ہے کہ حملےکاراکس، میرانڈا، آراگوا اورلاگویرا ریاستوں میں ہوئے ہیں، ان امریکی حملوں کا مقصد وینزویلا کے تیل اور معدنیات پر قبضہ کرناہے۔
وینزویلا حکومت نے حملوں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ امریکا ہمارے وسائل حاصل کرنے میں کامیاب نہیں ہوگا، ہم امریکا کی فوجی جارحیت کو مستردکرتے ہیں۔
وینزویلا کے صدرنے حملوں کے بعد ملک میں ایمرجنسی نافذ کردی ہے۔
دوسری طرف روسی میڈیا یہ دعویٰ کررہا ہے کہ امریکی حملوں میں وینزویلا کےدفاعی ہیڈکوارٹرزکو نشانہ بنایاگیا ہے اور وینزویلا کے صدر صدارتی محل چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔
روسی میڈیا کا کہناہےکہ وینزویلا کے کئی جزائر میں امریکی میرینز کے زمینی آپریشن شروع کرنے کی غیرمصدقہ اطلاعات آئی ہیں۔
اسی حوالے سے کولمبیا کے صدر نے کہا ہے کہ کاراکس پرمیزائل داغے جارہے ہیں اور کاراکس حملوں پریواین سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بلایا جائے۔






































