سوڈان کے مغربی علاقے دارفور میں ایک ہفتے کے دوران فوج اور نیم فوجی تنظیم ریپڈ سپورٹ فورسز (RSF) کے حملوں میں کم از کم 114 افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق یہ ہلاکتیں دو مختلف شہروں میں ہونے والے فضائی اور زمینی حملوں کے نتیجے میں ہوئیں۔
طبی ذرائع کے مطابق شمالی دارفور کے شہر الزرق میں ڈرون حملوں کے نتیجے میں 51 افراد جان سے گئے۔ یہ حملے بازار اور رہائشی علاقوں پر کیے گئے، جس سے عام شہری بری طرح متاثر ہوئے۔ الزرق اس وقت آر ایس ایف کے کنٹرول میں ہے اور وہاں تنظیم کے سربراہ کے اہل خانہ بھی مقیم ہیں۔






































