ملک کے بالائی علاقوں میں مسلسل برفباری اور شدید سرد موسم کے باعث نظامِ زندگی بری طرح متاثر ہو گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا اور گلگت بلتستان کے بیشتر اضلاع میں کئی کئی فٹ برف پڑ چکی ہے، جس کے نتیجے میں رابطہ سڑکیں بند، بجلی کا نظام درہم برہم اور سیکڑوں افراد محصور ہو کر رہ گئے ہیں۔
متعدد مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ اور برفانی تودے گرنے کے واقعات بھی رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ پاک فوج اور سول انتظامیہ کی جانب سے بڑے پیمانے پر ریسکیو اور امدادی آپریشن جاری ہیں۔
آزاد کشمیر میں شدید برفباری، درجنوں گاڑیاں پھنس گئیں
آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گزشتہ رات سے جاری شدید برفباری نے معمولاتِ زندگی مفلوج کر دیے ہیں۔ وادی نیلم، اپر نیلم، اٹھ مقام، سدھنوتی، باغ اور ہٹیاں بالا سمیت متعدد بالائی علاقوں میں مسلسل برفباری کے باعث سڑکیں مکمل طور پر بند ہو چکی ہیں۔
دریں اثنا ضلع حویلی کی حدود میں شدید برفباری کے دوران ایمبولینس سمیت 25 کے قریب گاڑیاں برف میں پھنس گئیں، جن میں خواتین اور بچوں سمیت تقریباً 100 افراد سوار تھے۔
پاک فوج کا بروقت ریسکیو آپریشن، مسافر محفوظ مقام پر منتقل
برف میں پھنسے مسافروں کی اطلاع ملتے ہی پاک فوج نے فوری طور پر ریسکیو آپریشن شروع کیا۔ فوجی دستوں نے انتہائی دشوار موسمی حالات میں کارروائی کرتے ہوئے 32 مسافروں کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا۔
ریسکیو آپریشن کے دوران ایک ایمبولینس میں موجود دو میتوں کو بھی نکال لیا گیا، جس پر لواحقین نے پاک فوج کی بروقت کارروائی کو سراہا۔
مظفرآباد میں کئی سال بعد برفباری، وادی نیلم میں مکانات منہدم
مظفرآباد میں کئی سالوں بعد برفباری ریکارڈ کی گئی ہے، جس سے سردی کی شدت میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ وادی نیلم میں شدید برفباری کے باعث 2 مکانات منہدم ہو گئے، تاہم خوش قسمتی سے کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔
برفباری اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث اہم شاہراہیں بند ہو گئیں، جس سے مقامی آبادی کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
بجلی کا نظام درہم برہم، متعدد علاقوں میں تاریں اور پولز گر گئے
شدید برفباری اور تیز ہواؤں کے باعث آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں بجلی کا نظام بری طرح متاثر ہوا ہے۔ کئی مقامات پر بجلی کے پولز گر گئے جب کہ تاریں ٹوٹنے کے باعث گزشتہ 24 گھنٹوں سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔
حکام کے مطابق موسم بہتر ہوتے ہی بحالی کا کام شروع کیا جائے گا، تاہم فی الحال دشوار حالات کے باعث مرمتی کام میں مشکلات درپیش ہیں۔
خیبرپختونخوا میں وقفے وقفے سے برفباری، سیاحوں کا داخلہ بند
اُدھر خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں بھی وقفے وقفے سے برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی کاغان میں برفباری کے باعث رابطہ سڑکیں بند ہو گئیں، جس کے بعد ضلعی انتظامیہ نے سیاحوں کے داخلے پر پابندی عائد کر دی۔ اس دوران آنے والے سیاحوں کو بالاکوٹ میں روک لیا گیا ہے تاکہ کسی بڑے حادثے سے بچا جا سکے۔
دیربالا، کمراٹ اور لواری ٹنل میں راستے بند





































