آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے فہیم اشرف کی دھواں دھار بیٹنگ کے باعث سنسنی خیز مقابلے کے بعد نیدرلینڈز کو 3 وکٹوں سے شکست دیدی۔
کولمبو میں کھیلے گئے میچ میں نیدر لینڈز کی جانب سے دیے گئے ہدف کے تعاقب میں پاکستان کی جانب سے صاحبزادہ فرحان اور صائم ایوب نے اننگز کا آغاز کیا لیکن 27 رنز پر صائم ایوب 13 گیندوں پر 24 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئے، انہوں نے اپنی اننگز میں 4 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔
پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا بھی 53 کے مجموعے پر 12 رنز بنا کر آریان دت کا شکار بنے۔ صاحبزادہ فرحان 46 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ عثمان خان صفر پر بولڈ ہوگئے، دونوں کو پال وین میکرین نے ایک ہی اوور میں آؤٹ کیا۔ اگلے ہی اوور میں وین ڈر مرفی نے بابر اعظم کو کیچ آؤٹ کر لیا۔
محمد نواز 13 گیندوں پر 6 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جبکہ شاداب خان 12 گیندوں پر 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ سات وکٹیں گرنے کے بعد فہیم اشرف نے دھواں دھار بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے11 گیندوں پر 3 چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 29 رنز کی اننگز کھیلی اور ٹیم کو ورلڈکپ میں پہلی فتح سے ہمکنار کرایا۔
قبل ازیں پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر نیدر لینڈز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی تھی۔





































