ممبئی: اٹلی نے 2 بھائیوں کی شاندار بیٹنگ کی بدولت نیپال کو شکست دے کر آئی سی سی مینز ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں اپنی پہلی تاریخی فتح حاصل کرلی۔
ممبئی میں کھیلے گئے گروپ سی کے میچ میں نیپال کی ٹیم 123 رنز پر ڈھیر ہوگئی ، جواب میں اٹلی نے موسکا برادران کی شاندار بیٹنگ کی بدولت ہدف بغیر کسی نقصان کے پورا کرلیا۔
اٹلی کو ٹورنامنٹ کے پہلے میچ میں اسکاٹ لینڈ کے ہاتھوں 73 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا، تاہم ممبئی میں نیپال کے خلاف یہ ٹیم بالکل مختلف روپ میں نظر آئی۔
اٹلی کے خلاف نیپال کی ٹیم سست اور محتاط بیٹنگ کے باعث 123 رنز پر آؤٹ ہوئی۔ اس کے بعد اٹلی کے اوپنرز بھارئی جسٹن موسکا اور انتھونی موسکا نے ہدف کے تعاقب میں جارحانہ آغاز کیا۔
یہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کی تاریخ میں صرف دوسرا موقع تھا جب 2 بھائیوں نے ایک ساتھ اننگز کا آغاز کیا۔ اس سے قبل بھی دونوں بھائی اسکاٹ لینڈ کے خلاف اوپن کر چکے ہیں۔
نیپال کےبولرز اٹلی کی اوپننگ شراکت داری کو توڑنے میں ناکام رہے، دونوں موسکا برادران نے ناقابلِ شکست نصف سنچریاں اسکور کیں۔





































