پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی پی ایس ایل 11 میں نظر انداز کیے جانے پر عمرا اکمل اور احمد شہزاد کے حق میں بول پڑے۔
بدھ کو پاکستان سپر لیگ سیزن 11 کیلئے کھلاڑیوں کی پہلی بار نیلامی کی گئی جس میں تمام 8 فرنچائزز نے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کو اپنے اسکواڈ کا حصہ بنایا۔
بد قسمتی سے پاکستان کی جانب سے ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میں پہلی سنچری بنانے والے احمد شہزاد اور جارحانہ بیٹر عمر اکمل کو پی ایس ایل میں مکمل طور پر نظر انداز کیا گیا۔
سابق کپتان شاہد آفریدی نے نجی ٹی وی چینل پر گفتگو کرتے ہوئے عمر اکمل اور احمد شہزاد کے حق میں آواز اٹھائی۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ میں سمجھتا ہوں کہ ہم کچھ کھلاڑیوں کو زیادہ اگنور کردیتے ہیں، مجھے امید تھی کہ 2 نئی ٹیمیں شامل ہونے کے بعد احمد شہزاد اور عمر اکمل کو پی ایس ایل کا حصہ بنایا جائے گا۔
سابق کپتان نے کہاکہ دونوں کرکٹرز کھیل بھی رہے ہیں ، پریکٹس کررہے ہیں، جم کررہے ہیں، اتنا اگنور نہیں کرنا چاہیے اور انہیں موقع دینا جاہیے تھا۔
شاہد آفریدی نے کہا کہ اگر میں کسی ٹیم میں ہوتا تو احمد شہزاد اور عمر اکمل کو ضرور شامل کرتا۔



































