تازہ تر ین

کراچی: جوڈیشل کمیشن کے گل پلازہ کے دورے اور سوالات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی

کراچی:  سندھ ہائیکورٹ کے احکامات پر بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کو آتشزدگی کا شکار ہونے والے گل پلازہ کے دورے کے دوران ہونے والے سوالات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی۔

ذرائع کے مطابق حکام نے جوڈیشل کمیشن کو سب سے پہلےعمارت کے فرنٹ سائیڈ اور اندرونی حصوں کا معائنہ کروایا جبکہ موبائل ٹارچ جلا کر عمارت کے گراؤنڈ فلور کے اندرونی حصوں کا دورہ بھی کرایا۔

ذرائع نے بتایا کہ کمیشن نے دورے کے دوران اپنے مشاہدات تحریری طور  پر ریکارڈ کیے، جس پر جسٹس آغا فیصل نے ڈی سی جنوبی، ریسکیو، کے ایم سی اورپولیس حکام سے سوالات بھی کیے۔

ذرائع نے بتایا کہ جسٹس آغا فیصل نے حکام سے کہا کہ جس دکان سے آگ کی شروعات ہوئی وہاں کی نشاندہی کی جائے۔

 بڑی تعداد میں باقیات کہاں سے ملی تھیں؟  جسٹس آغا فیصل کا استفسار

جسٹس آغا فیصل نے استفسار کیا کہ جس مقام سے بڑی تعداد میں باقیات ملی تھیں وہ کہاں ہے؟ جس پر حکام نے بتایا کہ عمارت مخدوش ہے اور سیڑھیاں گرچکی ہیں، اوپر کی منزلوں تک رسائی ممکن نہیں۔

جسٹس فیصل نے سوال کیا کہ چھت پر جانے کا کوئی راستہ ہے؟ جس پر حکام نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عمارت میں اب اوپر جانے کا کوئی راستہ نہیں ہے۔

کمیشن نے سوال کیا کہ گل پلازہ میں موجود افراد کو کس راستے سے باہر نکالا گیا؟ جب آگ لگی اس وقت پلازہ کے کتنے دروازے کھلے تھے؟ حکام نے جواب دیا کہ جب آگ لگی اس وقت دو سے تین گیٹ کھلے تھے جبکہ گل پلازہ کے کل 16 دروازے تھے۔

جسٹس آغا فیصل نے پوچھا کہ ملبہ کس چیز کا ہے؟ کیا یہ ملبہ توڑ پھوڑ کا نتیجہ ہے؟ جواب میں حکام نے بتایا کہ ملبہ آتشزدگی کے نتیجے میں گرا، ہم نے کسی چیز کو نہیں چھیڑا۔

 تحقیقات کیلئے قائم جوڈیشل کمیشن نے مختلف محکموں کو طلب کرلیا

جوڈیشل کمیشن نے دیگر محکموں کے عہدیداروں، جنرل منیجر پی آئی ڈی سی ایل اور صدر کراچی چیمبر آف کامرس طلب کرلیا جبکہ جنرل منیجر ایس ایس جی سی کو بھی نوٹسز جاری کر دیے گئے۔

اس کے علاوہ  کمیشن نے متعلقہ حکام کو 18 فروری کو کمیشن کے روبرو پیش ہونے کا حکم دیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ 17 جنوری 2026 کو کراچی کے ایم اے جناح روڈ پر واقع معروف شاپنگ سینٹر گل پلازہ میں آگ لگی تھی، یہ آگ 3 روز تک آگ بھڑکتی رہی اور سانحے میں 70 سے زائد لوگ جاں بحق ہوئے۔

کمشنر کراچی کی رپورٹ پر سیاسی جماعتوں اور سول سوسائٹی نے عدم اعتماد کا اظہار کیا تھا جس پر سندھ حکومت سے جوڈیشل کمیشن بنانے کی درخواست کی تھی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain