- کولمبو: (ویب ڈیسک) آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ میں پاکستان اور نمیبیا کے درمیان اہم میچ آج کھیلا جائے گا۔
پاکستان اور نمیبیا کی ٹیمیں دوپہر ڈھائی بجے کولمبو میں مد مقابل ہوں گی، گرین شرٹس کو سپرایٹ مرحلے میں رسائی کیلئے لازمی جیتنا ہوگا۔
دوسری جانب نمیبیا کے خلاف میچ میں قومی ٹیم میں دو سے تین تبدیلیاں متوقع ہیں۔
ذرائع کے مطابق پاکستان کرکٹ ٹیم کی مینجمنٹ سینئر کھلاڑیوں کی حالیہ میچوں میں کارکردگی نہ ہونے پر مایوس ہے، ٹیم مینجمنٹ کی جانب سے بابر اعظم اور شاہین شاہ آفریدی کو آج کے میچ میں بٹھانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
سینئر کھلاڑیوں کی جگہ بینچ اسٹرینتھ کو موقع دینے پر غور کیا جا رہا ہے۔
قومی ٹیم نے نمیبیا کے خلاف میچ سے قبل بھرپور ٹریننگ سیشن کیا، پاکستان کرکٹ ٹیم نے تین گھنٹے پر مشتمل ٹریننگ سیشن میں حصہ لیا، کھلاڑیوں نے بیٹنگ، باؤلنگ اور فیلڈنگ کی بھرپور مشقیں کیں۔
یاد رہے کہ گروپ اے سے بھارتی ٹیم پہلے ہی سپر ایٹ میں رسائی حاصل کر چکی ہے جبکہ امریکی ٹیم 4 پوائنٹس کے ساتھ پاکستان سے بہتر نیٹ رن ریٹ کے باعث دوسری پوزیشن پر موجود ہے، پاکستان ٹیم کو سپر ایٹ راؤنڈ میں رسائی کیلئے آج نمیبیا کو لازمی شکست دینی ہوگی بصورت دیگر گھر واپس آنا پڑے گا۔
تاہم اگر بارش کے باعث میچ منسوخ ہو جاتا ہے تو اس کا فائدہ بھی پاکستان ٹیم کو ملے گا اور ایک پوائنٹ کے فرق سے پاکستان ٹیم کو سپر ایٹ میں رسائی مل جائے گی۔






































