- اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد کے علاقے جی سکس لیس میں کیش لیس رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا۔
محسن نقوی نے جی سکس آبپارہ میں قائم رمضان سہولت بازار کا دورہ کیا، دورے میں محسن نقوی نے سبزیوں، پھلوں اور اشیائے ضرویہ کے سٹالز کا معائنہ کیا۔
انہوں نے اشیائے خوردونوش کی کوالٹی اور قیمتوں کا جائزہ بھی لیا تاہم انہوں نے انتظامیہ کو ریٹ لسٹ نمایاں آویزاں کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔
وزیر داخلہ نے رمضان بازاروں میں صفائی اور سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے کی ہدایت کی، انہوں نے مختلف سٹالز کا دورہ کیا ، شہریوں سے ملے اور کوالٹی و قیمتوں بارے پوچھا جس کے جواب میں بعض شہریوں کی جانب سے ریٹ لسٹ پر عملدرآمد نہ ہونے کی شکایت کی گئی۔
محسن نقوی نے ہدایت کی ہے کہ “ریٹ واضح طور پر لکھ کر آویزاں کریں تاکہ عوام کو معلوم ہو کہ بازار ریٹ اور آپ کا ریٹ کیا ہے” ، عوام کو سستی اور معیاری اشیاء فراہم کرنا اولین ترجیح ہے، عوامی ریلیف میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے رمضان سہولت بازار کے انتظامات پر بریفنگ دی، بریفنگ میں بتایا گیا کہ جی سکس رمضان بازار میں کچھ نجی کمپنیوں کے سٹالز بھی قائم ہیں جبکہ رمضان بازار صبح 9 بجے سے شام 4 بجے تک کھلا رہے گا۔
رمضان بازار میں منڈی ریٹ کے مطابق اشیاء کی فروخت یقینی بنانے کیلئے خصوصی مانیٹرنگ میکنزم فعال کیا گیا ہے۔
چیف کمشنر اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد، ڈی جی انفورسمنٹ، اسسٹنٹ کمشنر اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔





































