- لاہور: پرو ہاکی لیگ کے آسٹریلیا میں دوسرے مرحلے میں قومی ہاکی ٹیم کی ناقص رہائش اور خوراک کے معاملے پر ہاکی فیڈریشن کے صدر میر طارق حسین بگٹی نے مستعفی ہونے کا اعلان کر دیا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صدر فیڈریشن طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ اپنا استعفیٰ وزیرِ اعظم شہباز شریف کو بھجوا دیا ہے۔
طارق بگٹی نے بدانتظامی کا ذمے دار پاکستان سپورٹس بورڈ کو قرار دیتے ہوئے عماد شکیل بٹ پر ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل ہاکی پر 2 سال کی پابندی کا اعلان کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ پرولیگ کیلئے فنڈز پاکستان سپورٹس بورڈ کے پاس تھے، پی ایس بی ہمیں پیسے دینے میں ناکام ہوا، ساری مس مینجمنٹ سپورٹس بورڈ کی طرف سے تھی، وزیراعظم نے ہاکی کیلئے 25 کروڑ روپے جاری کئے، وزیراعظم اور فیلڈ مارشل سے درخواست ہے ایک کمیٹی بنائی جائے، سوشل میڈیا پر افواہیں پھیلائی گئیں اور چیزیں سامنے آئیں۔
طارق بگٹی کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا میں ہوٹل بکنگ کیلئے پی ایس بی نے رقم وقت پر ادا نہیں کی، پاکستان سپورٹس بورڈ میں خود گیا کہ ہمارے پیسے بھیج دو مگر وہ کہتے ہیں کہ 2 ماہ لگیں گے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز قومی ہاکی ٹیم کے کپتان نے آسٹریلیا سے پاکستان واپسی پر شکایات کے انبار لگائے تھے جس کا وزیراعظم پاکستان کی جانب سے نوٹس لیا گیا تھا۔





































