کراچی: سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے عمارت کے تباہ ہونے کے واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج سامنے آ گئی۔
دھماکے کی فوٹیج میں دیکھا جا سکتا ہے کہ گیس لیکج سے دھماکا 3 بج کر 47 منٹ پر ہوا، ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کے ساتھ گردو غبار پھیل گیا۔
دوسری جانب سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث دھماکے سے عمارت گرنے کا واقعے کا مقدمہ بھی درج کر لیا گیا ہے۔
پولیس کے مطابق عمارت کے مالک کے خلاف مقدمہ درج کر کے اسے گرفتار کرلیا ہے۔
پولیس حکام کا بتانا ہے کہ مقدمہ سرکار کی مدعیت میں درج کیا گیا ہے، مقدمے میں قتل باالسبب، املاک کا نقصان، غفلت، لاپرواہی اور دیگر دفعات شامل کی گئی ہیں۔
مقدمے کے متن میں کہا گیا ہے کہ عمارت گرنے کے باعث کئی لوگ جاں بحق اور زخمی ہوئے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز سولجر بازار میں گیس لیکج کے باعث رہائشی عمارت میں ہونے والے دھماکے میں خواتین اور بچوں سمیت 16 افراد جاں بحق اور 14 زخمی ہوئے تھے۔




































