- واشنگٹن:یو اے ای کی سرکاری نیوز ایجنسی وام کے مطابق واشنگٹن میں یو اے ای اور امریکہ کے درمیان اعلیٰ سطحی سفارتی روابط کے سلسلے میں ”بورڈ آف پیس“ اجلاس منعقد ہوا، جس میں علاقائی استحکام، مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال اور انسانی امداد کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کے موقع پر یو اے ای نے غزہ میں جاری انسانی بحران کے پیش نظر مزید 1.2 ارب امریکی ڈالر کی اضافی امداد کا اعلان کیا جس کا مقصد متاثرہ آبادی کو فوری ریلیف اور طویل المدتی بحالی میں مدد فراہم کرنا ہے۔
حکام کے مطابق اس امداد میں طبی سہولیات، خوراک، بنیادی ڈھانچے کی بحالی اور دیگر انسانی ضروریات شامل ہوں گی۔
سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ یو اے ای اور امریکہ کے درمیان قریبی تعاون خطے میں کشیدگی کم کرنے اور پائیدار امن کے فروغ کے لیے اہم سمجھا جا رہا ہے، دونوں ممالک نے انسانی بنیادوں پر اقدامات اور سیاسی حل کی حمایت کا اعادہ کیا۔
مبصرین کے مطابق واشنگٹن میں ہونے والی یہ پیش رفت اس بات کا اشارہ ہے کہ سفارتی مکالمہ اور انسانی امداد دونوں کو بیک وقت آگے بڑھایا جا رہا ہے تاکہ خطے میں استحکام کی راہ ہموار ہو سکے۔





































