ایپل کا رواں سال سستا ترین نیا آئی فون 4 مارچ کو متعارف کرایا جائے گا۔
ایپل کی جانب سے 4 مارچ کو ایک ایونٹ کے انعقاد کا اعلان کیا گیا ہے۔
کمپنی نے یہ نہیں بتایا کہ ایونٹ کا مقصد کیا ہے مگر مختلف رپورٹس کے مطابق اس ایونٹ میں آئی فون 16 ای کا نیا ورژن آئی فون 17 ای کے نام سے متعارف کرایا جائے گا۔
یہ ایپل کا 2026 میں سستا ترین آئی فون ہوگا جس کی قیمت 599 ڈالرز سے شروع ہوگی۔
ڈیزائن کے لحاظ سے تو یہ لگ بھگ گزشتہ سال کے آئی فون 16 ای جیسا ہی ہوگا مگر چند بہترین اپ ڈیٹس ضرور کی جائیں گی۔
اس فون میں ڈیزائن کے حوالے سے سب سے بڑی تبدیلی ممکنہ طور پر سیلفی کیمرے کے لیے ڈائنامک آئی لینڈ ڈیزائن کو استعمال کرنا ہوگی۔
آئی فون 16 ای میں سیلفی کیمرا نوچ ڈیزائن میں چھپا ہوا ہے مگر مختلف لیکس کے مطابق آئی فون 17 ای کا فرنٹ کیمرا پل (pill) ڈیزائن میں چھپا ہوگا۔
ایپل کی جانب سے آئی فون 17 ای کے اندر نیا اے 19 پراسیسر دیے جانے کا امکان ہے۔
یہ چپ سیٹ آئی فون 17 میں بھی دیا گیا ہے یعنی یہ پرفارمنس کے لحاظ سے آئی فون 17 سے کم نہیں ہوگا۔
ایک اور بڑی اپ گریڈ میگ سیف کو آئی فون 17 ای کا حصہ بنانا ہے۔
آئی فون 16 ای میں سادہ وائرلیس چارجنگ سپورٹ موجود ہے مگر 17 ای میں تیز رفتار میگنیٹک چارجنگ سپورٹ دستیاب ہوگی۔
آئی فون 17 ای کے اندر ایپل کا نیا سی 1 ایکش موڈیم دیے جانے کا امکان ہے۔
یہ موڈیم تیز ڈیٹا اسپیڈز اور توانائی کی بچت کے لیے ڈیزائن کیا گیا ہے۔
اسی طرح فون کے وائی فائی اور بلیو ٹوتھ فیچرز کے لیے نئی این 1 وائرلیس چپ کو ڈیوائس کا حصہ بنایا جائے گا۔



































