تازہ تر ین

روس پر مشرق وسطیٰ میں امریکی پوزیشنوں کی ایران کو معلومات دینے کا الزام

امریکا میں بی بی سی کے پارٹنر سی بی ایس کے مطابق تین ذرائع، جن میں ایک اعلیٰ امریکی اہلکار بھی شامل ہے جو صورتحال سے براہِ راست آگاہ ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں، نے اس معلومات کی تصدیق کی۔

یہ امریکا اور اسرائیل کے خلاف جنگ میں روس کی جانب سے ایران کو مبینہ طور پر فراہم کی جانے والی مدد کا پہلا معلوم اشارہ ہے۔

واشنگٹن پوسٹ پہلا میڈیا ادارہ تھا جس نے تین گم نام ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے روسی انٹیلی جنس اور ایران کے درمیان مبینہ تعاون پر رپورٹ شائع کی۔

وائٹ ہاؤس کی پریس سیکریٹری کیرولین لیویٹ نے کہا ہے کہ اگر روس ایران کے ساتھ انٹیلی جنس معلومات کا تبادلہ کر رہا ہے تو اس سے امریکی فوجی آپریشن پر کوئی اثر نہیں پڑ رہا، ہم ان کو مکمل طور پر ختم کر رہے ہیں۔

امریکی وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ نے کہا ہے کہ ہم جانتے ہیں کہ کون کس سے بات کر رہا ہے، وہ کیوں بات کر رہے ہیں، وہ معلومات کتنی درست ہیں، اور ہم اسے اپنے جنگی منصوبوں میں کیسے مدنظر رکھتے ہیں۔

انہوں نے اس تاثر کی تردید کی کہ روسی مداخلت امریکی فوجی دستوں کو خطرے میں ڈال رہی ہے، ابھی صرف ایرانیوں کو ہی فکر مند ہونا چاہئے، کوئی امریکا کو خطرے میں نہیں ڈال سکتا، امریکا ہمیشہ دوسروں کو خطرے میں ڈالتا ہے، یہی ہمارا کام ہے۔

واضح رہے کہ خلیجی ممالک میں حالیہ دنوں میں امریکی تنصیبات ایرانی حملوں کا نشانہ بنی ہیں، جن میں کویت میں امریکی فوجی اڈہ اور سعودی عرب میں سی آئی اے کا دفتر شامل ہیں۔

برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق کریملن نے نامہ نگاروں کے اس سوال کا جواب دینے سے انکار کیا کہ آیا روس موجودہ تنازع میں ایران کی حمایت کر رہا ہے، سی این این نے رپورٹ کیا ہے کہ روس نے مبینہ طور پر ایران کے ساتھ جو انٹیلی جنس شیئر کی ہے، اس میں زیادہ تر ماسکو کے فضائی سیٹلائٹ نکشتر کی تصاویر شامل ہیں۔

یہ واضح نہیں ہے کہ کسی بھی ایرانی حملے کا تعلق روس کی فراہم کردہ مبینہ انٹیلی جنس سے ہے یا نہیں۔

خیال رہے کہ کریملن نے تصدیق کی کہ روسی صدر ولادیمیر پوتن نے اپنے ایرانی ہم منصب مسعود پزشکیان سے فون پر بات کی، پوتن نے ایران کے سپریم لیڈر، دیگر اہلکاروں اور شہریوں کی ہلاکت پر تعزیت کی، پوتن نے تنازع ختم کرنے اور سفارتی حل تلاش کرنے پر زور دیا، جبکہ ایرانی صدر نے روس کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور ملک میں ہونے والے واقعات کی تفصیلی رپورٹ فراہم کی۔ دونوں ممالک نے رابطے جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain