تہران: ایران کے شہر تہران میں اسرائیل، امریکا مخالف ریلی میں ہزاروں افراد شریک ہوئے، ریلی میں موجود ایرانی خواتین نے پاکستان سے یکجہتی کا اظہار کیا۔
غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق تہران میں نکالی گئی ریلی میں پاکستان کے سبز ہلالی پرچم اٹھائے ایرانی خواتین نے پاکستان شکریہ کے نعرے بھی لگائے۔
رپورٹس کے مطابق ریلی میں ایرانی صدر اور وزیر خارجہ عباس عراقچی بھی شریک ہوئے۔
دوسری جانب امریکا بھر میں ٹرمپ کی پالیسیوں اور ایران جنگ کے خلاف ’نوکنگز‘کے عنوان سے زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ منی سوٹا میں امریکی سینیٹر برنی سینڈرز احتجاجی ریلی سے خطاب میں ٹرمپ پر برس پڑے۔
نو کنگز مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ ہمیں بادشاہت نہیں چاہیے، امریکا میں حق حکمرانی صرف عوام کا ہے کسی بادشاہ کا نہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ حکومت میں آنے کے بعد صدر ٹرمپ نے کہا تھا کہ وہ جنگوں میں پیسہ ضائع نہیں کریں گے، مگر عملی طور پر اس کے برعکس کیا۔ ایران کے خلاف جنگ غیر آئینی ہے کیونکہ کانگریس سے منظوری نہیں لی گئی اور یہ جنگ عالمی قوانین کی بھی خلاف ورزی ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ٹرمپ نے اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے ساتھ مل کر ایران پر حملہ کیا، جس پر مظاہرین نے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے شدید ردعمل دیا۔






































