تازہ تر ین

امریکہ کا ایران پر حملے جاری رکھنے کا اعلان، خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد سے زائد اضافہ

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حالیہ بیان کے بعد عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ جمعرات کے روز برینٹ خام تیل کی قیمت میں 4.88 ڈالر یا 4.8 فیصد اضافہ ہوا جس کے بعد یہ 106.04 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گیا، جبکہ امریکی ویسٹ ٹیکساس انٹرمیڈیٹ( ڈبلیو ٹی آئی) خام تیل 4.17 ڈالر یا 4.2 فیصد اضافے کے ساتھ 104.29 ڈالر فی بیرل پر ٹریڈ کرتا رہا۔

یہ اضافہ ایک ایسے وقت میں سامنے آیا جب اس سے قبل دن کے آغاز میں دونوں بینچ مارکس میں ایک ڈالر سے زائد کمی ریکارڈ کی گئی تھی اور گزشتہ سیشن میں بھی قیمتیں نیچے بند ہوئی تھیں۔ تاہم امریکی صدر کی تقریر نے مارکیٹ کے رجحان کو یکسر تبدیل کر دیا۔

اپنے ٹیلی وژن خطاب میں صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا کہ امریکہ ایران کے خلاف اپنی فوجی کارروائیاں جاری رکھے گا اور آئندہ چند ہفتوں میں توانائی اور تیل کے اہداف کو بھی نشانہ بنایا جا سکتا ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکی فوج اپنے مقاصد کے قریب پہنچ چکی ہے اور جنگ جلد ختم ہو سکتی ہے، تاہم اس حوالے سے کوئی واضح ٹائم لائن نہیں دی گئی۔

دوسری جانب خطے میں کشیدگی بڑھنے کے باعث سمندری راستوں کو بھی خطرات لاحق ہو گئے ہیں۔ بدھ کے روز قطر کی توانائی کمپنی کے لیے کرائے پر لیا گیا ایک آئل ٹینکر قطری پانیوں میں ایرانی کروز میزائل کا نشانہ بنا، جس کی تصدیق قطری وزارت دفاع نے کی ہے۔ اس واقعے نے عالمی سطح پر تیل کی سپلائی سے متعلق خدشات کو مزید بڑھا دیا ہے۔

مزید برآں انٹرنیشنل انرجی ایجنسی کے سربراہ نے خبردار کیا ہے کہ سپلائی میں ممکنہ رکاوٹیں اپریل سے یورپ کی معیشت پر اثر انداز ہونا شروع ہو جائیں گی۔ یورپ اب تک جنگ سے پہلے کیے گئے معاہدوں کے تحت آنے والی کھیپوں کی بدولت کسی حد تک محفوظ رہا ہے، تاہم ماہرین کے مطابق یہ صورتحال زیادہ دیر برقرار نہیں رہ سکے گی۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain