لاہور(2 اپریل 2026): چوہنگ میں رشتہ نہ دینے پر ملزمان نے نویں جماعت کی طالبہ پر تیزاب پھینک دیا۔
صوبائی دارالحکومت کے علاقے چوہنگ میں رشتہ نہ دینے کی رنجش پر نویں جماعت کی طالبہ پر تیزاب پھینکنے کا سنگین واقعہ پیش آیا ہے، جس کے نتیجے میں طالبہ کا چہرہ، سر اور کندھے بری طرح جھلس گئے ہیں۔
پولیس کے مطابق طالبہ اکیڈمی سے باہر نکلی تو موٹر سائیکل سوار ملزم ساجد نے اس پر تیزاب پھینک دیا اور اپنے ساتھی کے ہمراہ فرار ہو گیا۔ زخمی طالبہ کو فوری طور پر اسپتال منتقل کیا گیا جہاں اس کا علاج جاری ہے۔ تھانہ چوہنگ پولیس نے طالبہ کے والد کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ہے۔
واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی آئی جی آپریشنز نے ایس پی صدر کو ملزمان کی فوری گرفتاری کا ٹاسک دیا، جس کے بعد شہر بھر میں ناکہ بندی کر کے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئیں۔ گرین ٹاؤن کے علاقے میں پولیس نے جب مشکوک موٹر سائیکل سواروں کو رکنے کا اشارہ کیا تو ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی۔
پولیس کے ساتھ مقابلے اور تعاقب کے بعد مرکزی ملزم ساجد کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جبکہ اس کا دوسرا ساتھی فائرنگ کرتا ہوا فرار ہونے میں کامیاب ہو گیا۔
پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم نے رشتہ نہ دینے کی رنجش پر طالبہ کو نشانہ بنایا، مفرور ملزم کی تلاش کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔





































