لاہور (این این آئی)لاہور ہائیکورٹ نے ٹیکس دہندگان کے حق میں اہم فیصلہ دیتے ہوئے قرار دیا
ہے کہ سیلز ٹیکس کے معاملات میں رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کمشنر ان لینڈ ریونیو (اپیلز)سے رجوع کیے بغیر براہ راست اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو میں اپیل دائر کرسکتے ہیں۔لاہور ہائیکورٹ کے دو رکنی بینچ نے خالد نذیر اسپننگ لمیٹڈ کی جانب سے دائر ٹیکس ریفرنس منظور کرتے ہوئے اپیلٹ ٹربیونل ان لینڈ ریونیو کا اپیل ناقابل سماعت قرار دینے کا فیصلہ کالعدم کردیا۔ جسٹس خالد اسحاق اور جسٹس محمد عثمان غنی راشد چیمہ پر مشتمل بینچ کا 20صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جسٹس عثمان غنی راشد چیمہ نے جاری کیا۔ عدالت نے قرار دیا کہ فنانس ایکٹ 2025ء کے ذریعے سیلز ٹیکس ایکٹ کی دفعہ45-Bمیں شامل دوسرے پرووائزو کے تحت رجسٹرڈ ٹیکس دہندگان کو کمشنر اپیلز کا فورم اختیار کیے بغیر براہ راست اپیلٹ ٹربیونل سے رجوع کرنے کا اختیار دیا گیا ہے۔
