دبئی(اے پی پی) پاکستانی ٹیم کے سابق سٹار آل راﺅنڈر شاہد خان آفریدی نے انٹرنیشنل کرکٹ میں واپسی کی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریٹائرمنٹ کا فیصلہ حتمی ہے اور میں ٹی ٹونٹی لیگز کھیل کر لطف اندوز ہو رہا ہوں، پاکستان سپر لیگ کا فائنل ہوم کراﺅڈ کے سامنے کھیلنے کی خواہش ہے اسلئے کوشش ہو گی کہ اپنی پرفارمنس سے کراچی کنگز کو فائنل میں پہنچاﺅں۔ اپنے ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے باوجود میرے مداح اب بھی میری کارکردگی سے لطف اندوز ہوتے ہیں اور ان کا یہی پیار دیکھ کر میں نے کھیل کو جاری رکھا ہوا ہے اس سے بڑھ کر میرے لئے اور کچھ نہیں، جب تک مکمل فٹ ہوں ٹی ٹونٹی لیگز کھیلتا رہوں گا اور یہ میری فاﺅنڈیشن کیلئے بھی بہت اہم ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں پی ایس ایل میں پہلی مرتبہ کراچی کنگز کی طرف سے کھیل رہا ہوں، اتفاق سے اس بار ایونٹ کا فائنل بھی کراچی میں شیڈول ہے اسلئے میں ہوم کراﺅڈ کے سامنے فائنل کھیلنا چاہتا ہوں اور مقصد کے حصول کیلئے میری کوشش ہو گی کہ عمدہ آل راﺅنڈ کارکردگی کا مظاہرہ کر کے کراچی کو فائنل میں پہنچانے میں کردار ادا کروں۔
انہوں نے کراچی کنگز اور پاکستانی ٹیم کے کوچ مکی آرتھر کے کام کو بھی سراہا اور کہا کہ وہ جذباتی اور جارحانہ ذہنیت رکھتے ہیں اسی لئے جلدی گھبرا جاتے ہیں، وہ جانتے ہیں کہ گیم پلان کیسے تیار کیا جاتا ہے، انہیں ہار کا ڈر نہیں ہوتا اسی لئے کھلاڑیوں کو بھی جارحانہ کھیل پیش کرنے کا کہتے ہیں۔