تازہ تر ین

سی پی این ای کا سرکاری اشتہارات بحال کرنے پر چیف جسٹس سے اظہار تشکر

کراچی (پ ر) کونسل آف پاکستان نیوزپیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای) نے سپریم کورٹ کی جانب سے اخبارات کے لئے سرکاری اشتہارات کو بحال کرنے پرانتہائی مسرت کا اظہار کرتے ہوئے سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کیا ہے۔ سی پی این ای نے اشتہارات کے ضمن میں ازخود نوٹس کیس کی حالیہ سماعت کے دوران چیف جسٹس کی جانب سے سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد کی سربراہی میں سرکاری اشتہارات بارے گائیڈ لائنز تیار کرنے کی ہدایت کو بھی خوش آئند قرار دیتے ہوئے اعلان کیا ہے کہ سی پی این ای گائیڈ لائنز کی تیاری میں اخبارات کے سینئر ایڈیٹروں سے مشاورت کرے گی۔ واضح رہے کہ حالیہ سماعت کے دوران ضیا شاہد نے سپریم کورٹ میں سی پی این ای کا اصولی موقف پیش کرتے ہوئے بتایا کہ صحافت اور اظہار رائے کی آزادی اخبارات کی بقا سے منسلک ہے، جبکہ بیشتر اخبارات کے معاشی استحکام کا سرکاری اشتہارات پر کافی انحصار ہوتا ہے، جس پر چیف جسٹس نے واضح کیا کہ سپریم کورٹ نے وفاقی یا صوبائی حکومتوں کی جانب سے میڈیا کو اشتہارات جاری کرنے پر کوئی پابندی نہیں لگائی بلکہ صرف سیاسی شخصیات کی تصاویر والے اشتہارات جاری نہ کرنے کی ہدایت کی ہے۔ ہم نہیں چاہتے کہ میڈیا انڈسٹری کا کاروبار متاثر ہو۔ سی پی این ای کے صدر ضیا شاہد نے ذاتی پسند و نا پسند کی بنیاد پر سرکاری اشتہارات کی تقسیم کی بھی شکایت کی تو چیف جسٹس نے کہا کہ جائزہ لے کر سپریم کورٹ کو بتایا جائے کہ اشتہارات میں عدم توازن کس جگہ ہے، اگر سزا کے طور پر اشتہارات بند کر دیئے جاتے ہیں تو یہ آزادی صحافت اور آزادی اظہار رائے کے خلاف ہے، ہمیں اس صورتحال کا حل نکالنا ہوگا، جہاں دیکھا جائے گا میڈیا کی آزادی کو دبایا جا رہا ہے تو وہاں ہم اس کا نوٹس لیں گے اور میڈیا کو اشتہارات کی مساوی تقسیم یقینی بنائیں گے، یہ نہیں چلے گا کہ کوئی میڈیا گروپ تعلقات کی بنا پر زیادہ اشتہارات حاصل کرے۔


اہم خبریں





دلچسپ و عجیب
   پاکستان       انٹر نیشنل          کھیل         شوبز          بزنس          سائنس و ٹیکنالوجی         دلچسپ و عجیب         صحت        کالم     
Copyright © 2021 All Rights Reserved Dailykhabrain