لاہور(آئی این پی‘کرائم رپورٹر) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) تھری کا میلہ متحدہ عرب امارات سے پاکستان منتقل ہو گیا،پی ایس ایل پلے آف مرحلے میں آج دفاعی چیمپئن پشاور زلمی اورکوئٹہ ہ گلیڈی ایٹرز کے مابین شام سات بجے قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلا جائے گا،جبکہ تیسرا پلے آف میچ (کل) بدھ کو قذافی ٹیڈیم لاہور میں ہی ہوگا اور 25مارچ کو فائنل میچ نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا ۔ دوسرے پلے آف کی فاتح ٹیم تیسرے پلے آف میںکراچی کنگز کے ساتھ مقابلہ کرے گی اور اس میں فاتح ہونے والی ٹیم کراچی میں 25مارچ کو ہونے والے فائنل کےلئے کوالیفائی کر جائے گی جس کا فائنل میں مقابلہ اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ہوگا،پی سی بی کی جانب سے لاہور میں پلے آف کیلئے تیاریاں مکمل ہیں،جس کیلئے فل پروف سیکیورٹی انتظامات کئے گئے ہیں، سیف سٹیز اتھارٹی ائیر پورٹ سے ہوٹل اور ہوٹل سے سٹیڈیم کے روٹس کی سکیورٹی کیمروں کی مدد سے مانیٹرنگ کرے گی۔ ٹیموں کے روٹس اورسٹیڈیم پر 300 کیمروں کی مدد سے چوبیس گھنٹے مانیٹرنگ کی جائے گی۔ مانیٹرنگ کے لیے 75 پولیس کمیونیکشن آفیسرز پرمشتمل تین ٹیمیں تشکیل دیدی گئی ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی پی ایس ایل میچوں کے دوران ٹیموں کے روٹس اور سٹیڈیم کے اطراف میں موبائل کمانڈ سنٹر اور ڈرون کیمرہ کی مدد سے بھی سرویلنس کرے گی۔ اس دوران فیلڈ میں موجود ایس پیزاور ڈی ایس پیز کو ایم ٹی ڈی ہینڈ سیٹ بھی فراہم کیے جائیں گے۔ میچوں کے دوران ڈولفن پولیس اور پی آر یو کی گاڑیاں روٹس پر مسلسل نگرانی کریں گی۔پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی میچوں کے دوران سکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے قانون نافذکرنے والے اداروں کی ہرممکن راہنمائی کرے گی۔ اس ضمن میں تمام تر تیاریاں مکمل کی جا چکی ہیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے لائحہ عمل کو حتمی شکل دے رہے ہیں۔ پنجاب سیف سٹیز اتھارٹی گزشتہ سال کی طرح اس سال بھی پاکستان سپر لیگ کے میچوں کے دوران سکیورٹی کے بہترین انتظامات کو یقینی بنا رہی ہے جبکہ ٹریفک پولیس نے بھی میچز کے دوران ٹریفک کے بہترین انتظامات کو حتمی شکل دی ہوئی ہے ۔سی ٹی او رائے اعجاز احمد کے مطابق لاہور میں آج اورکل ہونے والے پی ایس ایل کے پلے آف میچز کے لئے شائقین کرکٹ اورشہریوں کو ٹریفک کا کوئی مسئلہ نہیں ہوگا، رمل روڈ،جیل روڈ، کینال روڈ،ایم ایم عالم روڈ ٹریفک کیلئے کھلے رہیں گے، رانگ پارکنگ کے خاتمہ کیلئی27فوک لفٹر،6بریک ڈانز بھی تعینات ہوں گے ۔گاڑی خراب ہونے کی صورت میں مدد کیلئے موبائل ورکشاپ بھی تعینات،میچ کے دوران ایک ٹریفک مانیٹرنگ روم،کنٹرول روم بھی قائم ہوگا۔شائقین کرکٹ کوبھر پور جوش و جذبہ سے خوش آمدید کہا جائیگا، شہری پارکنگ اورا سٹیڈیم میں داخلے کیلئے ٹریفک وارڈنزسے رہنمائی لیںگے۔شہری متبادل راستوں کی معلومات حاصل کرنے کیلئے سٹی پولیس ہیلپ لائن 15 پر کال بھی کر سکتے ہیں۔راستہ ایپ، ٹریفک پولیس ریڈیوFM88.6سے شہریوں کو لمحہ بہ لمحہ ٹریفک صورتحال سے آگاہ کیا جا تا رہے گا۔بم ڈسپوزل یونٹ اور محکمہ ہیلتھ کے حکام کی بھی ڈیوٹیاں لگ چکی ہیں جبکہ سٹیڈیم کی حدود میں عارضی ہسپتال بھی قائم کیا گیا ہے ۔ 2پلے آف میچز کیلئے سخت سیکیورٹی پلان ترتیب دیا گیا ہے ،تمام کھلاڑیوں کو فول پروف سیکیورٹی دی جائےگی۔ میچ کے دوران 2رینجرزکی کمپنیاں اہم مقامات پرتعینات ہوں گی ،کھلاڑیوں کورینجرزاورایلیٹ فورس کی سیکیورٹی فراہم کی جائےگی،مقامی ہوٹل کے اطراف عمارتوں پرکمانڈوزتعینات ہوں گے۔ذرائع کے مطابق میچ شروع ہونے سے 3گھنٹے قبل میٹروبس بندکردی جائےگی،14ہزارپولیس اہلکارسیکیورٹی کے فرائض سرانجام دیں گے،ایک کارڈیک موبائل اور20ایمبولینسز قافلے کیساتھ ہوں گی، شائقین کوپارکنگ ایریازسے سپیڈوبسزکے ذریعے اسٹیڈیم پہنچایاجائےگا،سیکیورٹی کی نگرانی کیلئے3کنٹرول روم بھی قائم کئے جائیں گے،سیف سٹی پراجیکٹ سے سیکیورٹی کی نگرانی کی جائےگی،مقامی ہوٹل کے اطراف عمارتوں پرکمانڈوزتعینات ہوں گے۔ قذافی سٹیڈیم لاہور میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل تھری کے دو پلے آف میچوں کے انعقاد کے موقع پر لاہور پولیس نے سیکورٹی نکتہ نگاہ کے تحت راتوںرات پچاس سے زائد کنٹینرز قذافی سٹیڈیم لاہور کے گردو نواح میں واقع مختلف پوائنٹس پر کھڑے کر دئیے ہیں قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل تھری کے دو پلے آف میچوں کے انعقاد کی وجہ سے سی سی پی او لاہور نے پندرہ ملین روپے کے فنڈز طلب کرلئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایک مراسلہ آئی جی پنجاب کو ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور پولیس پندرہ ملین روپے کے یہ فنڈز بیرون شہر سے آنے والی پولیس پر خرچ کریگی تاہم فنڈز فراہم کئے جانے ہیں یا نہیں تاحال اس بات کا فیصلہ نہیں کیاگیا۔ قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے پی ایس ایل تھری کے دو پلے آف میچوں کے انعقاد کی وجہ سے سی سی پی او لاہور نے پندرہ ملین روپے کے فنڈز طلب کرلئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اس حوالے سے ایک مراسلہ آئی جی پنجاب کو ارسال کردیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ لاہور پولیس پندرہ ملین روپے کے یہ فنڈز بیرون شہر سے آنے والی پولیس پر خرچ کریگی تاہم فنڈز فراہم کئے جانے ہیں یا نہیں تاحال اس بات کا فیصلہ نہیں کیا گیا۔
