کراچی(شوبزڈیسک )ڈرامہ سیریل ”خانی “کے ہیرو اور ماڈل فیروزخان نے خوشخبری سناتے ہوئے اعلان کیاہے کہ انہوں نے اپنے لیے لائف پارٹنر ڈھونڈ لیا ہے اور بہت جلد شادی کرنے والے ہیں ۔ڈرامہ سیریل ”خانی“ کے ذریعے شہرت حاصل کرنے والے اداکار فیروز خان نے انٹرویو میں بتایا کہ میں یہ بات بتاتے ہوئے بہت پرجوش ہورہاہوں کہ میں طویل عرصے سے جس کی تلاش میں تھا وہ مجھے مل گئی ہے،مجھے معلوم ہے کہ میری شادی کی خبر سن کرسوشل میڈیا پر موجود میرے مداح پاگل ہوجائیں گے لیکن میں اس وقت صرف ان لمحات میں جینا اور ان سے لطف اندوز ہونا چاہتا ہوں، اس کے ساتھ ہی میں اپنے چاہنے والوں سے کہنا چاہتا ہوں کہ میری نجی زندگی کی عزت کریں۔فیروز خان نے کہا کہ میرے مداح میری شادی کے بارے میں تمام باتیں جاننے کے لیے بے چین ہیں۔ لیکن میں کہنا چاہتا ہوں کہ یہ وقت میرے اور میری فیملی کیلئے بہت خاص ہے اور میں چاہتا ہوں کہ میرے مداح مجھے اپنی دعاوں اور نیک خواہشات سے نوازیں۔دوسری طرف فیروز خان کی بہن اور پاکستان شوبز انڈسٹری کی نامور اداکارہ حمائمہ ملک نے بھی اپنے بھائی کی شادی کی تصدیق کرتے ہوئے کہاکہ ان کی بھابھی کا تعلق کراچی سے ہے تاہم انہوں نے فیروز خان کی ہونے والی بیوی کا نام بتانے سے گریز کیا۔ حمائمہ ملک نے کہا کہ فیروز اور ان کی ہونے والی بیوی ایک دوسرے کو بالکل بھی نہیں جانتے یہ مکمل طور پر ارینج میرج ہے۔