ریاض:(ویب ڈیسک) سعودی پولیس نے شادی کی مخلوط تقریب میں شرکت کرنے پر 281 مرد اور خواتین کو گرفتار کرلیا۔میڈیا رپورٹس کے مطابق مکہ میں افریقی کمیونٹی کے فارم میں منعقدہ شادی کی ایک مخلوط تقریب منعقد ہوئی جس کی اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچ گئی اور 281 مرد و خواتین کو گرفتار کرلیا۔بتایا گیا ہے کہ زیرحراست نصف سے زائد افراد کو مملکت میں رہائش کے مروجہ قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا تاہم ان میں سے کسی پر شراب نوشی یا غیر قانونی مشروبات کے استعمال کے شواہد نہیں ملے۔ گرفتار افراد کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا آغاز کردیا گیا ہے۔واضح رہے کہ یہ پہلا موقع نہیں ہے کہ جب شادی کی مخلوط تقریب پر سعودی پولیس نے کارروائی کی ہو۔ اس سے قبل رواں سال کے شروع میں پولیس نے مرد و خواتین کی اکٹھی تقریب منعقد کرنے پر دلہن سمیت 40 مہمانوں کو گرفتار کرلیا تھا۔