دمشق(این این آئی)شام میں با خبر ذرائع نے بتایا ہے کہ داعش تنظیم اور بشار حکومت کی فورسز کے درمیان ایک سمجھوتہ طے پایا گیا ہے۔ اس کے تحت چند روز قبل ایک پراسرار معاہدے کے سلسلے میں فریقین کے درمیان ہلاک ہونے والوں کی لاشوں اور قیدیوں کا تبادلہ عمل میں آیا۔میڈیارپورٹس کے مطابق دمشق کے جنوب میں باخبر ذرائع نے بتایاکہ اس سمجھوتے میں القدم کے معرکے میں مارے جانے والے شامی فوج کے اہل کاروں کی لاشوں کا واپس کیا جانا شامل ہے۔ اس کے مقابل شامی حکومت نے اپنی جیلوں میں قید خواتین کو رہا کیا۔یہ بھی بتایا گیا ہے کہ فریقین کے بیچ تبادلے کا عمل شامی ہلال احمر کی سرپرستی میں مرحلہ وار انجام دیا جائے گا۔داعش تنظیم نے اعلان کیا تھا کہ دمشق کے جنوب میں القدم کے علاقے میں اس نے 90% رقبے پر کنٹرول حاصل کر لیا ہے۔