کراچی(آن لائن) پی ایس پی نے ایم کیو ایم پاکستان کی ایک اور وکٹ گرادی۔ رکن قومی اسمبلی سیم حسین پاک سرزمین پارٹی میں شامل ہوگئے ،کراچی میں پاک سرزمین پارٹی کے مرکزی آفس پاکستان ہاو¿س میں صدر پی ایس پی انیس قائمخانی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے موقع پر انہوں نے شمولیت کا اعلان کیا۔ اس موقع پر انیس قائخانی نے انہیں پی ایس پی میں شمولیت پر خوش آمدید کہا ،جبکہ کراچی کی صورتحال کے حوالے سے بات کرتے ہوئے انیس قائمخانی کا کہنا تھا کہ انٹرنیشنل کرکٹ کی پاکستان بالخصوص کراچی واپسی کا کریڈٹ قانون نافذ کرنے والے اداروں کو جاتا ہے۔ مردم شماری کے نتائج کو یکسر مسترد کرتے ہیں۔ نئی حلقہ بندیاں آئندہ الیکشن میں دھاندلی کی شروعات ہیں۔ہم نئی حلقہ بندیوں پر احتجاج کرتے ہیں اور انہیں مسترد کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اگلے انتخابات میں پی ایس پی کی جیت ہی سندھ کے حالات تبدیل کرسکتی ہے انشاللہ 2018 کے انتخابات میں پی ایس پی تاریخ ساز کامیابی حاصل کرے گی۔کراچی میں گرمی کی شروعات پر غیرعلانیہ لوڈشیڈنگ عوام کے ساتھ زیادتی ہے۔کراچی کی عوام کو لاوارث نہ سمجھا جائے۔کے الیکٹرک فوری طور پر غیرعلانیہ لوڈ شیڈنگ بند کرے۔اس موقع پر ایم این اے سید وسیم حسین نے کہا کہ انیس بھائی میرے بڑے بھائیوں کی طرح ہیں۔ میں ان سے دیر میں پی ایس پی میں شمولیت سے شرمندہ ہوں۔ایم کیو ایم کی قیادت نہ کارکنوں کے ساتھ اور نہ عوام کے ساتھ مخلص نہیں ہے۔میری کل پہلی ملاقات انیس بھائی سے ہوئی جس کے بعد میں نے پی ایس پی میں شمولیت کا فیصلہ کیا۔
