فیصل آباد (آن لائن) پاکستان مسلم لیگ ق پنجاب کے سیکرٹری چوہدری ظہیر الدین نے پارٹی کی بنیادی رکنیت اور صو بائی جنرل سیکرٹری شپ کا استعفیٰ صوبائی صدر سابق وزیر اعلی پنجاب چوہدری پرویز الٰہی کو دےدیا، فیصل آباد کی سیاست کے اہم اور معتبر نام چوہدری ظہیر الدین نے پہلے پیپلزپارٹی کے بعد پاکستان مسلم لیگ (ق) کے ساتھ طویل رفاقت کوختم کرتے ہوئے عمران خان کے سیاسی قافلے کا حصہ بننے کا اصولی فیصلہ کر لیا‘ جڑانوالہ کے قومی اسمبلی کے حلقہ 102سے پی ٹی آئی کی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے کی تیاریاں، آن لائن کومعلوم ہوا ہے کہ سابق صو بائی وزیر چوہدری ظہیر الدین خاں نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کی بنیادی رکنیت اور پارٹی کی صوبائی جنرل سیکرٹری شپ سے استعفیٰ دے دیا ہے‘ ان کا استعفیٰ صو بائی صدر چوہدری پرویز الٰہی کو موصول بھی ہو گیا ہے‘ چوہدری برادران نے اپنے دیرینہ ساتھی چوہدری ظہیر الدین کو منانے اور استعفیٰ واپس لینے کے لئے بھر پور کوششیں کیں مگر وہ کارگر ثابت نہ ہو سکیں‘ ذرائع نے یہ بھی انکشاف کیا ہے کہ چوہدری ظہیر الدین عنقریب پاکستان تحریک انصاف میں شامل ہو جائیں گے‘ ان کے چھوٹے بھائی سابق ٹاﺅن ناظم چوہدری علی اختر خاں پہلے ہی تحریک انصاف فیصل آباد ضلع کے صدر ہیں‘ چوہدری ظہیر الدین خاں نے جڑانوالہ کے حلقہ این اے 102 میں اپنی انتخابی سر گرمیاں بھی شروع کر دی ہیں اور وہ کئی روز سے تحریک انصاف کے مقامی قائدین کے ساتھ مختلف تقریبات میں دیکھے بھی جا رہے ہیں۔ جبکہ اس حلقہ سے پہلے ہی تحریک انصاف ٹکٹ کےلئے چوہدری عمیر وصی، عبدالواحید نیازی، اور اسد عباس بلوچ بھی امیدوار ہیں یہاں پر مسلم لیگ ن کے طلال چوہدری کے ساتھ مقابلہ ہوگا۔
