ننکانہ صاحب (ڈسٹرکٹ رپورٹر)پولیس گردی کی بد ترین مثال ، سڑک کنار ے بس کے انتظار میںکھڑے ہوئے میاں بیوی کو پولیس ڈکیتی کے شبہ میں گرفتار کر کے تھانہ لے گئی ، پولیس نے شوہر پر تشدد کیا اورحالت بگڑنے پر جعلی پولیس مقابلہ میں پار کر دیا جبکہ بیوی کو ڈکیتی کے مقدمہ میں گرفتار کر لیا لواحقین کا الزام، اہل خانہ کا پریس کلب ننکانہ صاحب کے سامنے ننکانہ شاہکوٹ روڈ بلاک کر کے پولیس کے خلاف احتجاجی مظاہرہ، مقتول کی ایک سال قبل شادی ہوئی تھی ،لواحقین کی چیف جسٹس سے انصاف کی اپیل۔ تفصیلات کے مطابق گذشتہ رات موڑ کھنڈا کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ میںہلاک ہونے والے ڈاکو کے لواحقین نے پریس کلب ننکانہ صاحب کے سامنے پولیس کے خلاف احتجاج کیا اور ننکانہ شاہکوٹ روڈ ٹریفک کے لیے بلاک کردی اور پولیس کے خلاف نعرے بازی کی ، مقتول کی والدہ ، بھائی شاہد ،سسر مشتاق سمیت دیگرلواحقین کا کہنا ہے کہ مقتول ارشد اور اسکی بیوی بشریٰ بی بی اپنی بہن کو ملنے کے بعد لاہور جانے کے لیے موڑ کھنڈا ہیڈ بلو کی روڈ پرپل نہر بونگاں گلاں کے قریب بس کے انتظار میںکھڑے تھے کہ دونوں نے ایک ٹرک کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن وہ نہ رکا تو اسی اثناءمیںپیچھے سے پولیس کی گاڑی بھی آگئی جسے دیکھ کر دونوں نے پھر رکنے کا اشارہ کیا توپولیس نے گاڑی روک کر پوچھا کہ کیا بات ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے لاہور جانے کے لیے ٹرک والے کو رکنے کا اشارہ کیا لیکن وہ نہیں رکا جس پرپولیس نے کہا کہ تم ڈاکو ہو اور پولیس انہیں گاڑی میں بٹھا کر تھانہ مانگٹانوالہ لے گئی جہاں پرپولیس نے مقتول ارشد پر تشدد کیا اور تشدد سے حالت بگڑنے پر اسے جائے وقوعہ پر لے جاکر جعلی پولیس مقابلہ میں پار کر دیا جبکہ پولیس نے مقتول کی بیوی بشریٰ بی بی کو مرضی کا بیان نہ دینے پر ڈکیتی کے مقدمہ میں گرفتار کر لیا جبکہ دوسری طرف پولیس رپورٹ کے مطابق مقتول ارشد کی بیوی بشریٰ بی بی نے موڑ کھنڈا ہیڈ بلوکی روڈ پر پل نہر بونگہ گلاں کے قریب سڑک پر اکیلی کھڑی ہوکر بونگلہ گلاں کو جانے والے موٹر سائیکل سوار عارف حیات ، محمد افضل اور محمد ارشد کو رکنے کا شارہ کیا اور جب وہ رکے تو اسی اثناءمیں قریبی گندم کی فصل سے پانچ نامعلوم مسلح ڈاکو باہر نکل آئے جنہوں نے ان سے ساڑھے سات ہزار روپے کی نقدی ، طلائی زیورات وغیرہ چھین لیے قبل ازیں انہی ڈاکوﺅں نے پھول نگر کے مزداٹرک کے ڈرائیور شہباز اکمل سمیت متعد د راہگیروں کو بھی لوٹا جن کی اطلاع پر قریبی گاﺅں کے لوگ وہاں پہنچ گئے جن کو دیکھ کر ڈاکوﺅں نے گندم کی فصل میں جاکران پر فائرنگ شروع کردی جس پر لوگوں نے بھی جوابی فائرنگ کی اور ارشد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہو گیا اور اسکے ساتھی فرار ہو گئے پولیس نے اطلاع ملنے پر موقع پر پہنچ کر ہلاک ہونے والے ڈاکو کی بیوی بشریٰ بی بی کو پکڑ لیا اور ان کے قبضہ سے اسلحہ ، طلائی زیورات، نقدی ودیگر سامان برآمد کرکے ملزمان کے خلاف زیر دفعہ 302، 395،412، AO-13(2A)20/65 ت پ کے تحت تھانہ مانگٹانوالہ میں مقدمہ درج کر لیا۔
