اسلام آباد(آئی این پی)مسلم لیگ کو ایک اور سیاسی دھچکا،مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار نے تحریک انصاف میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا ہے، رمیش کمار آج پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کے ہمراہ پریس کانفرنس میں باقاعدہ اعلان کریں گے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آیی می شمولیت کی باضابطہ دعوت دینے اعلی عہدے داران کے ہمراہ آج ہفتے کو انکی رہائش گاہ جائیں گے، جہاں مشترکہ پریس کانفرنس متوقع ہے، ڈاکٹر رمیش پاکستان ہندو کونسل کے سرپرست اعلی اور کامیاب کاروباری شخصیت ہیں، ڈاکٹر رمیش کے ہفتہ وار مضامین قومی اخبارات کی زینت بنتے ہیں، حالیہ برسوں میں وہ نواز شریف کے قومی اداروں سے ٹکراو¿ کے بیانیے کے سخت ناقد ہیں، متروکہ وقف املاک بورڈ میں صدیق الفاروق کی چیئرمین تعیناتی کے سخت مخالف تھے، ڈاکٹر رمیش کا سپریم کورٹ میں موقف تھا کہ چیئرمین متروکہ وقف املاک بورڈ ہندو کمیونٹی سے ہونا چاہیے، انہوں نے سابق چیف جسٹس رانا بھگوان داس کا نام بھی کچھ سال قبل تجویز کیا تھا، پاناما ایشو پر سپریم کورٹ، احتساب عدالت کے باہر ڈاکٹر رمیش کبھی نظر نہیں آئے، تحریک انصاف میں فی الحال کوئی غیرمسلم سیاسی قدآور شخصیت نہیں، ڈاکٹر رمیش وانکوانی کو تحریک انصاف میں اہم ذمہ داریاں سونپنے کی توقع ہے۔ تحریک انصاف کے ترجمان فواد چودھری نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل اور تیز ہو رہا ہے ، 2 اہم رہنما رواں ہفتے مسلم لیگ چھوڑ کر تحریک انصاف میں شمولیت کا اعلان کریں گے ۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں فواد چودھری کا کہناتھا کہ نواز لیگ میں ٹوٹ پھوٹ کا عمل تیز سے جاری ہے ،ن لیگ کے مزید 2 اہم رہنما رواں ہفتے پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کریں گے۔واضح رہے کہ مسلم لیگ ن کے رکن قومی اسمبلی رمیش کمار اور بلال ورک نے آج پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے ،دونوں رہنما کل چیئرمین تحریک انصاف عمران خان سے ملاقات کریں گے اور باقاعدہ پارٹی میں شمولیت اختیار کریں گے