لاہور (ویب ڈیسک ) خلائی سیاحت جس کے متعلق ایک زمانے میں ہم صرف قصے کہانیوں میں پڑھا کرتے تھے اور جسے سنیما اسکرین پر دیکھا کرتے تھے، اب حقیقت بننے کے قریب ہے۔کئی کمپنیاں خلائی سیاحت کے دل دادگان کو سب سے پہلے خلا میں پہنچانے کے لیے ایک دوسرے پر سبقت لے جانے کی کوشش کررہی ہیں۔خلائی سیاحوں کے لیے ارضی مدار کی سیر کے ساتھ ساتھ اب وہاں قیام کرنے کی راہ بھی ہموار ہوگئی ہے۔امریکی ٹیکنالوجی کمپنی اورین اسپین نے دنیا کا اولین خلائی ہوٹل تیار کرلیا ہے جسے خلا میں بھیجا جائے گا اور زمین سے ارضی مدار میں جانے والے سیاح اس میں قیام کرسکیں گے۔اس منفرد ہوٹل کو’ارورا اسٹیشن‘ کا نام دیا گیا ہے۔ سیاح 12 روز تک اس منفرد ہوٹل میں بے وزنی کی کیفیت سے لطف اندوز ہوتے ہوئے سورج، ستاروں اور سیاروں کا نظارہ کرسکیں گے۔