کوالا لمپور(آئی این پی) پاکستان کرکٹ بورڈ(پی سی بی)کے تحفظات کے پیش نظر ایشیا کرکٹ کپ کو بھارت سے متحدہ عرب امارات(یو اے ای)منتقل کردیا گیا۔تفصیلات کے مطابق ملائیشیا کے دارالحکومت کوالالمپور میں ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس میں اہم فیصلے کیے گئے، اجلاس میں پاکستان کی نمائندگی چیئرمین پی سی بی نجم سیٹھی اور چیف آپریٹنگ افسر سبحان احمد نے کی۔اجلاس میں پاکستان کی جانب سے بھارت میں ایشیا کپ کھیلنے پر تحفظات کا اظہار کیا گیا، جس کے بعد کپ کی میزبانی بھارت سے لے کر متحدہ عرب امارات کو دے دی گئی اور اب یہ کپ 13 سے 28 ستمبر تک وہاں منعقد ہوگا اور ایمریٹ کرکٹ بورڈ اس کی میزبانی کرے گا۔ایشیا کپ میں 6 ممالک کی ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں پاکستان، بھارت، سری لنکا،بنگلہ دیش اور افغانستان کی ٹیمیں شامل ہیں جبکہ ہانک کانگ، ملائیشیا،نیپال،عمان، سنگاپور اور یو اے ای کی ٹیموں میں سے ایک ٹیم کوالیفائر راﺅنڈ کھیل کر ٹورنامنٹ کا حصہ بنے گی۔اس کے ساتھ ساتھ رواں ماہ پاکستان میں شیڈول ایشیا ایمرجنگ کپ کو بھارت کے اعتراض پر دو ممالک میں کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔خیال رہے کہ بھارت کی جانب سے بھی یہ پاکستان میں میچز کھیلنے پر اعتراض کیا گیا تھا، جس کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا اور اب بھارتی ٹیم اس کپ میں اپنے میچز سری لنکا میں کھیلے گی۔تاہم ایشیا ایمرجنگ کپ کو اپریل کے بجائے اب دسمبر میں مشترکہ طور پر پاکستان اور سری لنکا میں منعقد کیا جائے گا, اس کے ساتھ ساتھ رواں سال پاکستان ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کی میزبانی بھی کرے گا۔
