ٹوکیو(ویب ڈیسک) اٹلی سے لے کر جاپان تک دنیا بھر میں خطرناک گروہ، گینگ اور مافیا پائے جاتے ہیں جن کی عجیب و غریب رسوم اور اصول جان کر حیرت ہوتی ہے۔ اسی طرح جاپان میں مجرموں کا ایک قدیم گروہ ’یاکوزا‘ پایا جاتا ہے۔ اس گروہ میں داخل ہونے والا ہر رکن اپنے الٹے ہاتھ کی سب سے چھوٹی انگلی کا کچھ حصہ کاٹ دیتا ہے۔بعض حلقوں کے مطابق یہ عمل گناہوں کی پاداش میں کیا جاتا ہے جب کہ بعض افراد اسے گینگ سے وفاداری قرار دیتے ہیں کیونکہ انگلی کا کٹا ہوا حصہ گینگ کے سربراہ کو پیش کردیا جاتا ہے جسے اویابن کہا جاتا ہے۔خیال رہے یاکوزا گروہ کو یوبٹسومی بھی کہا جاتا ہے، اس گروہ میں انگلی کاٹنے کی رسم کی درست تاریخ نہیں ملتی تاہم یہ گروہ انیسویں صدی میں بھی موجود تھا اور اس میں عادی قمار باز موجود تھے۔ ان میں سے جوئے میں ہارنے اور مقروض ہوجانے والے شخص کو اپنی انگلی کا ایک حصہ کاٹنا پڑتا تھا۔ خیال ہے کہ تب سے اب تک یہ رسم یاکوزا کا حصہ بن چکی ہے۔اس کے علاوہ یاکوزا کی تاریخ پیچ در پیچ رازوں میں چھپی ہے۔ بعض اطلاع کے مطابق یہ عوامی فلاح اور بہبود کے کام بھی کرتے ہیں۔ جاپان بھر میں اس تنظیم کے 30 ہزار اراکین ہیں جو اپنے میگزین بھی نکالتے ہیں اور ویب سائٹس بھی چلاتے ہیں۔ ان کے اکثر اراکین پورے جسم پر نقش و نگار بناتے ہیں۔اس تنظیم کے اراکین کا امتحان بھی لیا جاتا ہے جو اکثر 12 صفحات پر مشتمل ہوتا ہے۔